ھفتہ, 20 اپریل 2024


کراچی پولیس کی کارروائی' 2 انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار

 

کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں کے نتیجے میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔
کراچی کے علاقے عبداللہ شاہ غازی گوٹھ اور محمود آباد کمشیر کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے ہوئے جس کے باعث دو ملزمان کی زخمی حالت میں گرفتاری عمل آئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عبدالله شاہ غازی گوٹھ میں پولیس نے کارروائی کی، اس دوران ملزمان نے فائرنگ کردی تاہم جوابی کارروائی میں ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔
پولیس کے مطابق ملزم سے اسلحہ، موبائل فون اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے محمود آباد کشمیر کالونی میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں شاکر نامی ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے 2 ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ملزمان علاقے میں شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے پولیس کے خودکارہتھیارتبدیل کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔
کراچی پولیس چیف نے حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں پولیس کے خودکار ہتھیار کو تبدیل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
حکم نامے کے متن کے مطابق خود کاراسلحہ عوام میں خوف و ہراس کا باعث بنتا ہے، مشاہدہ کیا گیا اتفاقیہ گولی چلنے سے جانی نقصانات بھی ہوئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے اخترکالونی میں پولیس مقابلے کے دوران 10 سالہ بچی امل جاں بحق ہوگئی تھی۔ ڈی آئی جی پولیس جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا بچی پولیس اہلکار کی گولی سے جاں بحق ہوئی تھی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment