جمعرات, 25 اپریل 2024


تجاوزات کے خلاف آپریشن ساتویں روز بھی جاری

 

کراچی: شہرقائد میں سپریم کورٹ کے احکامات پر صدر ایمپریس مارکیٹ کے اطراف میں تجاوزات کے خلاف آپریشن ساتویں روز بھی جاری ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران بھاری مشینری کا استعمال کیا جارہا ہے اور محکمہ انسداد تجاوزات کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کو گرایا جارہا ہے جب کہ ایمپریس مارکیٹ سمیت دیگر بازاروں میں کارروائی کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی طلب کی گئی ہے۔
دوسری جانب سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بشیر احمد صدیقی نے کہا ہے کہ 15 روز میں ایمپریس مارکیٹ کو اصل شکل میں بحال کردیں گے، ایمپریس مارکیٹ کے اطراف 1044 غیر قانونی دکانیں گرائی جائیں گی جب کہ صدر میں تجاوزات کو روکنے کے لئے ٹاسک فورس بنائی گئی ہے جو کے ایم سی، اینٹی انکروچمنٹ اور پولیس پر مشتمل ہوگی۔ میئر کراچی وسیم اختر نے بھی اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کا جائزہ لیا۔
واضح رہے کراچی میں سپریم کورٹ کے احکامات پر جاری آپریشن میں گزشتہ روز متعدد دکانیں اور پتھارے مسمار کیے جاچکے ہیں۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment