Print this page

دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 کا آج شایان شان اورپروقارانداز میں افتتاح

 

 کراچی : ہتھیار برائے امن، دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 کا ایکسپوسینٹرمیں آج شایان شان اورپروقارانداز میں افتتاح کیا جائے گا۔ 

دفاعی ساز و سامان کی نمائش آئیڈیاز2018 کی ایکسپوسینٹر میں جاری تیاریاں پیر کو حتمی مراحل میں داخل ہوگئی تھیں جبکہ آج (منگل) کو4 روزہ نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا جارہا ہے، صدرپاکستان عارف علوی مہمان خصوصی ہوں گے، دفاعی نمائش میں منعقد ہونے والی سروسز کانفرنس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوں گے۔

27سے30نومبر تک جاری رہنے والی بین الاقوامی دفاعی نمائش کے دوران مختلف سیمینارز کا بھی انعقاد کیا جائے گا، دفاعی نمائش میں52ممالک کے 260 مندوبین شرکت کر رہے ہیں،جبکہ 14ممالک اپنے دفاعی سازوسامان کے ساتھ بھرپور انداز میں شریک ہوں گے،6 ممالک کے ایئر چیفس بھی دفاعی نمائش میں شرکت کررہے ہیں۔ 

ایکسپوسینٹر میں انتظامات کے لیے دورے پر آئے ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف ٹریننگ شاہد علوی کا میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ گذشتہ چند دہائیوں کے دوران پاکستانی انجینئرز اور سائسندانوں نے قوم کو دفاعی خود مختاری فراہم کی ہے۔

دفاعی نمائش میں پاکستان ایئر فورس کے اسٹال کے علاوہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کا اسٹال بھی لگایا گیا ہے جبکہ جے ایف 17 تھنڈر، سپر مشاق اور پاک فضائیہ کے تیارکردہ ڈرونز اور مختلف قسم کے سیمولیٹرز بھی نمائش میں ڈسپلے کیے جارہے ہیں۔

ڈیفنس ایکسپورٹ پرموشن آرگنائزیشن کے مطابق آئیڈیاز2018کے دوران دفاعی معاہدوں کے ایم اویوز میں مزید اضافے کا امکان ہے، جبکہ گذشتہ برسوں کے مقابلے میں کچھ ممالک کا اضافہ ہوا ہے جن کے دفاعی وفود نمائش میں شریک ہوں گے،نمائش کے دوران ملکی اور غیرملکی کمپنیوں کے 500 اسٹالز لگائے جارہے ہیں،جس کے ذریعے پاکستان اوردنیا بھر کے ممالک کے درمیان دفاعی صنعت،کاروباراورتعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔

ترکی، چین، روس، جنوبی کوریا، امریکا، فرانس، جرمنی، اٹلی سمیت دیگر ممالک اپنے پویلین کے ساتھ دفاعی نمائش کا حصہ بن رہے ہیں،4روزہ نمائش کے دوران ایکسپو سینٹرمیں تینوں مسلح افواج کے نمائندے اپنی پیشہ ورانہ تربیت کا مظاہرہ کریں گے جبکہ سی ویو نشان پاکستان پر عام شہریوں کے لیے ایئر شو کا انعقاد بھی کیا جائے گا، دفاعی نمائش کے حوالے سے آج (منگل)کو ڈاک ٹکٹ کا اجرا بھی کیا جائے گا۔اس موقع ہر وزیر اعظم عمران خان آج کراچی کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔ وہ ایکسپو سینٹرمیں لگنے والی دفاعی سازوسامان کی نمائش ’’آئیڈیاز 2018‘‘ میں بھی شرکت کریں گے۔

 
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں