منگل, 23 اپریل 2024


ملک بھر میں بارش کے بعد سردی کی لہر میں اضافہ

 

کراچی: ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے بعد درجہ حرارت میں کمی آرہی ہے۔کوئٹہ، پشاور، سکھر، راجن پور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش ہوئی جس کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا جب کہ بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔


وادی کوئٹہ اور گرد و نواح میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے ہلکی بارش ہورہی ہے جب کہ مستونگ، پشین، خضدار، قلات، مسلم باغ، زیارت، قلات، مکران، نصیرآباد، ڑوب ڈویڑن سمیت شمالی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔پنجگور اور گرد و نواح میں بھی رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے

جب کہ محکمہ موسمیات نے 26 فروری سے بلوچستان کے شمال میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق نئے سسٹم کے تحت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمال میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں سب سے زیادہ بارش پسنی میں 25 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، زیارت میں 8، پنجگور میں 5، دالبندین، قلات، خضدار اور سبی میں 4، 4، کوئٹہ اور گوادر میں 3 ملی میٹر اور بارکھان میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شاور اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کے بعد سردی بڑھ گئی جب کہ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح بنوں میں 12، چراٹ میں 9، اپر دیر اور کاکول میں 7،7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، مالم جبہ اور لوئر دیر میں 5،5، چترال اور پٹن میں 4،4 ملی میٹر، پارا چنار، سیدو شریف اور بالاکوٹ میں 3، 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔


سکھر اور گرد و نواح میں رات سے وقفے وقفے سے ہلکی بارش ہوئی جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، شہر میں بارش کے باعث سیپکو کے 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔پرانا سکھر، جناح چوک، نیوپنڈ، مینارہ روڈ اور دیگر علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی، جب کہ ذرائع سیپکو کا کہنا ہے کہ بارش رکنے پر فیڈرز کی بحالی کا کام شروع کیا جائے گا۔جیکب آباد، کندھ کوٹ اور کشمور و گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔پنجاب کے شہر راجن پور اور گرد و نواح میں بھی بارش ہوئی جس کی وجہ سے سردی بڑھ گئی ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment