جمعرات, 25 اپریل 2024


اللہ کی رضا کے لیے سب کو معاف کردیا ہے،نشواوالد

کراچی: گزشتہ ماہ غلط انجکشن سے جاں بحق ہونے والی نو ماہ کی نشوا کے والد اور دارالصحت اسپتال انتظامیہ میں صلح ہوگئی ہے، بچی کے والد قیصر علی نے مقدمہ واپس لینے پر رضا مندی ظاہرکردی ہے ۔ گزشتہ روز کراچی پریس کلب میں نشوا کے والد قیصر علی نے اپنے وکیل منیر احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں نے سب کو اللہ کی رضا کے لئے معاف کردیا ہے ۔ دارالصحت اسپتال کی انتظامیہ سے 3نکاتی معاہدہ کیا ہے جس کے مطابق نشوا کے نام سے دارالصحت اسپتال میں بچوں کا وارڈبنایا جائے گا جس کے لیے اسپتال نے اس کی ڈیڈ لائن بھی دے دی ہے۔
 
50لاکھ روپے سے نشوا ٹرسٹ قائم کیا جائے گا، ہم نے نشوا فاؤنڈیشن رجسٹرڈ کرا لی ہے۔ ٹرسٹ کی سفارش پر سالانہ دو بچوں کو اسکالر شپ دی جائے گی اور اگر کہیں بھی کسی اسپتال کی غفلت کا کیس ہوا تو ہم متاثرین کا ساتھ دیں گے اور علاج کرائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شروع سے ہمارے 3 مطالبات تھے جن میں اسپتال کو سیل کرنا بھی شامل تھا، اسپتال سیل ہوا، جو بعد میں ہائیکورٹ کے حکم پر دوبارہ کھول دیا گیا، ہمارے دیگر 2 مطالبات میں اسپتال انتظامیہ کی گرفتاری اور انکوائری کمیشن بنانا تھا، ہم نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرادیا ہے ۔ ہمارا اب بھی مطالبہ ہے کہ ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیشن بنایا جائے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment