Print this page

برٹش کونسل کے تعاون سے خواتین کو با اختیار اور با صلاحیت بنانے کے لیے جاری دوروزہ خواتین فیسٹیول ختم

واؤ فیسٹیول کے آخری روز بھی خواتین کی سرگرمیاں جوش و خروش سے جاری رہیں پینل ڈسکشن میں مختلف موضوعات پرگفتگو، چینٹن ہیریسن لی کی خواتین کی رہنمائی،

کراچی : برٹش کونسل کے تعاون سے کراچی میں جاری خواتین فیسٹیول ختم ہوگیا۔ میلے کا اہتمام برٹش کونسل آف پاکستان نے ویمن آف دی ورلڈ (واؤ)فاؤنڈیشن اور دیگر چار پارٹنرز کے اشتراک سے ہوٹل بیچ لگژری میں کیا تھا۔فیسٹیول کے دوسرے اور آخری روز بھی ہر شعبہ زندگی سے شہریوں کی بڑی تعداد نے میلے میں شرکت کی اور پسندیدگی کا اظہار کیا۔ ویمن آف دی ورلڈ فیسٹیول کے موقع پر خواتین کی سرگرمیاں دوسرے روز بھی جوش و خروش سے جاری رہیں ۔ دوسرے روز بھی پینل ڈسکشن ہوا جس میں عنایہ شیخ، عظیمہ دھانجی، ڈاکٹر کوثر وقار اور دیگر معروف خواتین نے حصہ لیا۔ اس کے علاوہ پرفارمنس آرٹس، خواتین کی ماہانہ صحت، ہمارا ماحول ہماری ذمہ داری، سائبر ہراسمنٹ ، لڑکیوں کی تعلیم، ڈیجیٹل دنیا میں نسائی پسندی، مینگروز کی بقا ، کاغذ کے کارنامے سمیت دیگر کئی موضوعات پر گفتگو ہوئی۔ خواتین کو بااختیار اور باصلاحیت بنانے کے موضوع پر ہونے والے فیسٹیول کے اختتام پر میلے میں شریک خواتین نے کہا کہ وہ برٹش کونسل سمیت تمام اسپانسر اداروں کا شکریہ ادا کرتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ماحولیاتی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے فرائض کی ادائیگی کے لیے اس سے اچھی تربیت کا اہتمام نہیں ہوسکتا۔ برٹش کونسل کی ڈائریکٹر آرٹس چینٹن ہیریسن لی نے اسٹالوں پر جاکر خواتین سے گفتگو کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں