جمعہ, 19 اپریل 2024


سرسیدیونیورسٹی میں وزیراعظم ہنرمند پاکستان پروگرام کےپہلےبیچ کی تقریبِ تقسیمِ اسنادکاانعقاد

کراچی : سرسیدیونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کےزیرِاہتمام وزیراعظم ہنرمندپاکستان پروگرام ووکیشنل ٹریننگ مکمل کرنےوالےپہلےبیچ کےطلباءکےلیے تقریبِ تقسیمِ اسناد کا انعقادکیا گیا ۔

اس موقع پر مہمانِ خصوصی NAVTTC کی ڈائریکٹر جنرل نبیلہ عمر نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین، رجسٹرار سید سرفراز علی کے ہمراہ تربیتی کورس مکمل کرنے والے پہلے بیچ کے طلباء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے ۔

تقریب کے شرکاء میں NAVTTC کے ڈائریکٹر محمد علی چاچڑ، ڈپٹی ڈائریکٹر عزیز اللہ چانڈیو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر قدیر ساہو، پروفیسر ڈاکٹر میر شبر علی و دیگرشامل تھے ۔NAVTTC کی ڈائریکٹر جنرل نبیلہ عمر نے چانسلر جاوید انوار اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین سے ملاقات کی جس میں پروگرام کی مزید بہتری کے حوالے سے مختلف تجاویز زیرِ غور آئیں ۔

اس موقع پرسرسید یونیورسٹی کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے NAVTTC کی ڈائریکٹر جنرل نبیلہ عمر نے کہا کہ جامعہ نے اس پروگرام کو انتہائی مربوط انداز میں بڑی کامیابی کے ساتھ چلایا ہے ۔ سرسید یونیورسٹی اب NAVTTCکی ایک اہم پارٹنر بن چکی ہے جو قابلِ ستائش ہے ۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے گورنمنٹ نے طلباء کے لیے مفت ہائی ٹیک کورسز کا آغاز کیا ہے ۔ وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم ترقی یافتہ قوموں کے مطابق اپنے نصاب میں تبدیلی لائیں ۔ طلباء ملک کا اثاثہ ہیں جو وسائل بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق ملک کی صرف 1.5 فیصدنوجوان آبادی مختلف نوعیت کے معاشی و مالی معاملات کی وجہ سے یونیورسٹی کی سطح پر اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکتی ہے ۔ نوجوانوں میں پیشہ ورانہ مہارت کو فروغ دینے سے معیشت مستحکم ہوسکتی ہے خاص کر وہ طلباء جو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ سرسید یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم اور کارپوریٹ سیکٹر کی ضرورت کو پورا کرنے کے حوالے سے ایک ایسی مکمل میٹرو پولیٹن یونیورسٹی کے طور پر ابھر کر سامنے آئے جو سماجی، معاشی، تیکنیکی اور ماحولیاتی مسائل کا حل پیش کر سکے ۔ سرسید یونیورسٹی، انڈسٹری سے بھی منسلک ہے جس کی وجہ سے مختلف شعبوں میں طلباء کے لیے انٹرن شپ اور ملازمتیں حاصل کرنے میں ایک اچھی پوزیشن رکھتی ہے ۔

اظہار تشکر پیش کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے رجسٹرار سید سرفراز علی نے کہا کہ مفت پیشہ ورانہ تربیت پاکستان کے نوجوانوں کو اس قابل بنا سکتی ہے کہ وہ آگے چل کر اپنی کامیابی کی داستان لوگوں کے ساتھ شیئر کر سکیں ۔ آج کا دن ایک یادگار دن ہے کیونکہ پہلے بیچ کے طلباء اپنی اسناد حاصل کر رہے ہیں ۔ لیکن انھیں حکومتِ پاکستان، خاص کر NAVTTC کا احسان مند ہونا چاہئے جن کی وجہ وہ پیشہ ورانہ مہارت حاصل کرنے کے قابل ہوسکے جو انھیں عملی زندگی اور مستقبل کے منصوبوں میں دیگر لوگوں سے ممتاز کرتی ہے ۔

اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹرطاہر فطانی نے ایک معلوماتی پریزنٹیشن دی ۔ تقریب کے اختتام پر طلباء کو سرٹیفیکیٹس دئے گئے ۔ NAVTTC کے ڈائریکٹر محمد علی چاچڑ نے بھی اظہاِ خیال کیا ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment