بدھ, 24 اپریل 2024


سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی اورمحکمہ جنگلات سندھ کے درمیان معاہدے پردستخط

کراچی: سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے ملیر کیمپس میں اربن فاریسٹ قائم کیا جائے گا۔

اس حوالےسے گذشتہ روز سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی اور سندھ کے محکمہ جنگلات کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

دستخط کی تقریب سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے کامیٹی رو م میں منعقد کی گئی۔جس میں ایس ایم آئی یو کے رجسٹرار غلام مصطفے شیخ اور ڈویزنل فاریسٹ آفیسر مقصود احمد میمن نے دستخط کیے۔

معاہدے کے مطا بق ایس ایم آئی یو کے ملیر کیمپس میں کراچی کے مقامی پھلوں اور پھولوں کے بیس ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ یہ پودے دس بلین ٹری سونامی مہم کے تحت لگائے جائیں گے۔ یہ مہم ڈیڑھ ماہ تک چلے گی جس میں تمام تیکنیکی معاونت صوبائی محکمہ جنگلات فراہم کرے گا ۔

اس موقع پر وائس چانسلر ایس ایم آئی یو پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی نے کہا کہ ایس ایم آئی یو ماحولیات پر خاص توجہ دے رہا ہے۔ اسی لیے ہمارے ادارے میں انوئرمینٹل سائنس کا شعبہ بھی قائم ہے جہاں پر بی ایس سے لیکر پی ایچ ڈی تک تعلیم دی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو اس وقت ماحولیات کا چلینج بھی درپیش ہے جس پر ہم شجرکاری سمیت اس طرح کی ماحول دوست سرگرمیوں کے ذریعے قابو پاسکتے ہیں۔

اس موقع پر ڈین ڈاکٹر سید آصف علی ،ڈین ڈاکٹر جمشید عادل،ڈین ڈاکٹر زاہد علی چنڑ،پروجیکٹ ڈائریکٹر، ڈائریکٹر پلاننگ اور چیئرپرسن انوائرمینٹل سائنس بھی موجود تھے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment