جمعہ, 19 اپریل 2024


کوروناکاخطرناک ویرینٹ اومی کرون کاپہلا کیس پاکستان میں بھی رپورٹ

کراچی: دنیا بھر میں پھیلا کورونا کا خطرناک ویرینٹ اومی کرون کاپہلا کیس پاکستان میں بھی رپورٹ ہوگیا۔

محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں اومی کرون ویرینٹ کے پہلے کیس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں اومی کرون ویرینٹ کا پہلا کیس ایک نجی اسپتال میں رپورٹ ہوا ہے۔

محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ خاتون میں اومی کرون ویرینٹ کی تصدیق 8 دسمبر کو ہوئی، متاثرہ خاتون میں کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں اور وہ ویکسی نیٹڈ بھی نہیں ہیں تاہم وہ گھر پر قرنطینہ میں ہیں۔

دوسری جانب قومی ادارہ صحت کی جانب سے وضاحتی بیان کہا گیا ہے کہ پاکستان میں اومی کرون کی موجودگی کے حوالے سے میڈیا پر آنے والی اطلاعات کے حوالے سے وضاحت کی جاتی ہے کہ کراچی سے رپورٹ ہونے والے اومی کرون ویرینٹ کے مشتبہ کیس کی تاحال تصدیق نہیں ہوئی، اس کا مکمل جینوم سیکوئینس ٹیسٹ ہونا باقی ہے، جسے نمونہ حاصل کرنے کے بعد انجام دیا جائے گا تاہم عالمی حالات کی روشنی میں عوام سے پرزور اپیل کی جاتی ہے کہ وہ جلد از جلد ویکسین لگوائیں۔

واضح رہے کہ اب تک ایشیا، افریقا، مشرقِ وسطیٰ، یورپ اور امریکا میں کورونا کے نئے ’اومیکرون ویرینٹ‘ کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ مزید ملکوں میں ظاہر ہوتا جارہا ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment