ھفتہ, 20 اپریل 2024


جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نےڈائیگناسٹک لیبارٹری کاافتتاح کردیا

کراچی : جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے متوسط طبقے کو رعایتی قیمت پر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے کراچی میں ساتھویں اور اعظم بستی میں پہلی جے ایس ایم یو ڈائیگناسٹک لیبارٹری کا افتتاح کردیا۔

اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان، این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد، امریکا کے معروف ماہر امراض قلب، پاکستانی کمیونٹی کی سماجی شخصیت اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے المنس ڈاکٹر جاوید سلیمان، ڈاکٹر زاہد جمال، ڈاکٹر مکرم، لیب منیجر حسنین عباس و دیگر بھی موجود تھے،

وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن کا کہنا تھا کہ جے ایس ایم یو لیب کے نتائج درستی اور معیار کے اعتبار سے اپنی ایک پہنچان رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہےکہ تیزی کیساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں جے ایس ایم یو لیب کے کلیکشن مراکز کھولے جارہے ہیں اور اس اقدام کا مقصد ہر شہری کے لئے ارزاں قیمت پر ٹیسٹ کی بہترین سہولیات فراہم کرناہے۔

قبل ازیں جے ایس ایم یو ڈائیگناسٹک لیبارٹری سے متصل نارتھ امریکن فزیشنز آف کراچی اوریجن(ناپکو)ہارٹ کلینک کے افتتاح کی تقریب منعقد کی گئی، اس تقریب کا سلوگن ’’احتیاط علاج سے بہتر ہے‘‘تھا، کلینک کا افتتاح این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر نے کیا، یہ کلینک نارتھ امریکن فزیشنز آف کراچی اوریجن اور جستجو ویلفیئر آرگنائزیشن کا مشترکہ منصوبہ ہے جہاں امراض کلب کے اعلیٰ معیارکےڈاکٹرز بغیر کسی معاوضے کے انسانی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی خدمات انجام دینگے۔

تقریب سے خطاب کرتےہوئےڈاکٹر جاوید سلیمان کاکہناتھاکہ یہ ایک پروینٹوہارٹ کلینک ہے،موجودہ دور میں پاکستان سمیت جنوبی ایشیائی ممالک میں30 سے 40 سال کی عمر کے افراد میں دل کے امراض زیادہ دیکھنے میں آرہے ہیں جس کی مختلف وجوہات ہیں اور اس کلینک کا مقصد بھی ان وجوہات کا سراغ لگانا ہے تاکہ یہاں سے ملنے والا ڈیٹا استعمال کرتے ہوئے ایک بڑی آبادی کو دل کے امراض میں مبتلا ہونے سے بچایا جاسکے، انہوں نے بتایا کہ اس کلینک میں مریضوں سے صرف رجسٹریشن فیس لی جائیگی جو کہ انتہائی کم رکھی گئی ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے متوسط طبقے کے عوام کے لیے اعلیٰ معیار کے کلینک کے آغاز پر زاہد جمال اور جاید سلیمان کی مکمل ٹیم اور جستجو فائونڈیشن کی بنیاد ڈالنے والے طلبا کو خراج تحسین پیش کیااور کہاکہ یہ تمام شخصیات اپنی ذات میں انسٹیٹیوشنز ہیں، ہم پروینٹو کارڈیولاجی کو ایک سبجیکٹ کے طور پر متعارف کروانے کیلئے آپ سب سےتجاویز لیں گے۔این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر نے بھی اس کلینک کے قیام پر ڈاکٹر جاوید سلیمان اور زاہد جمال کو خراج تحسین پیش کیا۔

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان نےکہاکہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا یہاں سے اکٹھا کیے جانیوالے ڈیٹا سے مستفید ہوگی۔پی ایم اے کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد کاکہنا تھاکہ اگر علاج سے زیادہ احتیاط پر توجہ دی جائے تو 70 فیصد بیماریوں کا خاتمہ ہوجائیگا۔اس موقع پر پاکستان میں اس کلینک کے روح رواں ڈاکٹر زاہد جمال کاکہناتھاکہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہےکہ اس کلینک میں اعلیٰ معیار کے ماہر امراض کلب اپنی خدمات انجام دینے کیلئے پر عزم ہیں۔تقریب میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی ڈاکٹر راحت ناز، قاضی شبیر و دیگر بھی موجود تھے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment