ھفتہ, 20 اپریل 2024


پاکستان میڈیکل کمیشن نےپاکستانی طلباء کےلیےاین ایل ای امتحان ختم کردیا

اسلام آباد: پاکستان میڈیکل کمیشن نے کمیشن کے تحت پاکستانی طلباء کے لیے این ایل ای امتحان ختم کردیا ہے اور اب اس کا اختیار اسناد تقویض کرنے والی جامعات کو منتقل کرتے ہوئے پاسنگ نمبرز 70 سے کم کر کے 50 کردئیے ہیں جب کہ ملک بھر میں نجی و سرکاری میڈیکل جامعات و کالجز کا داخلہ ٹیسٹ 13 نومبر کو یونیفارم پالیسی کے تحت لیا جائے گا۔

تاہم آرمی میڈیکل کالجز کے لیے داخلہ ٹیسٹ پہلے ہوگا جو نسٹ کے تحت لیا جائے گا۔ اس بات کی منظوری بدھ کو پی ایم سی کے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت پی ایم سی کے صدر ڈاکٹر نوشاد شیخ نے کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ21 ہزار نشتوں کے لیے دو لاکھ 5 ہزار طلبہ ٹیسٹ دیں گے سندھ میں داخلہ ٹیسٹ ڈائو میڈیکل یونیورسٹی، پنجاب میں یو ایچ ایس، بلوچستان میں بی ایم سی، کے پی کے میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور اسلام آباد میں شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی لے گی اور انھیں یہ اختیار ہوگا کہ وہ ٹیسٹ خود کرائیں یا کسی اور ٹیسٹنگ ادارے کو یہ زمہ داری دیں۔

پی ایم سی صرف نصاب، اور سوالات کے نمبرز کا تعین کرے گی ٹیسٹ نتائج اسی روز جاری ہوں گے۔ اورکلاسوں کاآغاز یکم فروری سے ہوگا۔ اجلاس میں 8 غیرملکی ٹیسٹ مراکز کو ختم کرکے دو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

اجلاس میں بیسک میڈیکل سائنسز کی ڈگریوں کی رجسٹریشن کا عمل بحال کردیا گیا جب کہ فیصلہ کیا گیا کہ میڈیکل کالج اور جامعات کا معائنہ ایچ ای سی کے بجائے پی ایم سی خود کرے گی۔میڈیا سے خصوصی گفتگو میں صدر پاکستان میڈیکل کمیشن ڈاکٹر نوشاد شیخ نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ امتحانات میں 60 فیصد نمبرز حاصل کرنے والے طلبہ داخلہ ٹیسٹ دینے کے اہل ہوں گے جبکہ اس سے قبل 65 فیصد نمبرز حاصل کرنے والا طالب علم داخلہ ٹیسٹ میں بیٹھنے کا اہل تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیسٹ میں میڈیکل کیلئے 55 فیصد اور ڈینٹل کیلئے 45 فیصد نمبر حاصل کرنے والا طالب علم میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے اہل ہوگا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment