Print this page

اسد شفیق 3 زینےاوپرچڑھ کربہترین 20 کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے 

ایمزٹی وی (کھیل)  یونس خان اور مصباح الحق نے آسٹریلیا اورنیوزی لینڈ سے سیریز کے آغاز میں رنز کے انبار لگائے، مگر تیسرے ٹیسٹ میں جیسے رن مشینوں کو اچانک زنگ لگ گیا، ایک تو وہ ٹیم کے کسی کام نہیں آئے اور دوسرا رینکنگ میں بھی تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔ یونس چھٹے سے ساتویں نمبر پر چلے گئے جبکہ2درجے تنزلی نے مصباح کو دسویں نمبر پر پہنچا دیا۔ شارجہ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 11 رنز پرآؤٹ ہونے کی تلافی دوسری باری میں 137 رنز جڑ کر کرنے والے اسد شفیق تین درجے بہتری سے 18 ویں نمبر پر آگئے۔ اظہر علی 3 درجے تنزلی سے 20 ویں پوزیشن پر آچکے جبکہ سرفراز احمد کو بھی 5 زینے نیچے اتر کر 23 ویں نمبر پر جانا پڑا۔

پہلی باری میں ڈبل سنچری سے چوک جانے والے محمد حفیظ 12 درجے جست لگا کر اب 40 ویں پوزیشن پر پہنچ چکے ہیں۔دوسری جانب نیوزی لینڈ کے ڈبل سنچری اسکور کرنے والے کپتان برینڈن میک کولم 5درجے بہتری سے 14 ویں نمبر پرآگئے۔ روس ٹیلر ایک درجہ بہتری سے نویں نمبر پر موجود ہیں۔ ٹاپ پوزیشن بدستور سری لنکن کمارسنگاکارا کے پاس ہے۔ ابراہم ڈی ویلیئرز دوسرے اور شیونرائن چندرپال تیسرے نمبرپرہیں۔ بولرز میں یاسر شاہ 3 درجے بہتری کے بعد 27ویں نمبر پر آگئے، انھوں نے شارجہ میں 193 رنز کے عوض 4 وکٹیں لی تھیں، ٹاپ بولر بدستور ڈیل اسٹین ہی ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں