جمعرات, 25 اپریل 2024


انڈر 18 ایشیا ہاکی کپ میں قومی ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ جاری

ایمز ٹی وی (کھیل) انڈر 18 ایشیا ہاکی کپ میں قومی ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ جاری رہا، گرین شرٹس نے چین کو بھی یکطرفہ مقابلے میں6-0 سے شکست دیدی، قومی ٹیم کی طرف سے امجد علی اور افراز نے2، 2 بار گیند کو جال میں پہنچایا، خیراللہ اور علی عزیز نے ایک، ایک گول کیا، پاکستانی ٹیم ایک دن آرام کے بعدمنگل 27 ستمبر کو ہانگ کانگ کیخلاف فتوحات کی ہیٹ ٹرک کرنے کا عزم لیے میدان میں اتریگی۔
ادھر پاکستانی ٹیم کے منیجر کامران اشرف کھلاڑیوں کی کارکردگی سے خاصے مطمئن ہیں اور امید کرتے ہیں کہ گرین شرٹس عمدہ پرفارمنس کا سلسلہ ایونٹ کے اگلے میچوں میں بھی جاری رکھیں گے۔ تفصیلات کے مطابق انڈر 18ایشیا ہاکی کپ میں پاکستانی ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے۔
گذشتہ روز شیڈول مقابلے میں چین کو بھی صفر کے مقابلے میں 6گول سے زیرکرکے ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز برقرار رکھا، یاد رہے کہ گرین شرٹس نے ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں چائینز تائپے کو ایک کے مقابلے میں 6 گول سے زیر کیا تھا۔ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے مولانا بھاشانی ہاکی اسٹیڈیم میں ہونیوالے میچ کے دوران پاکستانی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا سلسلہ چین کیخلاف بھی جاری رکھا اور حریف سائیڈ کو تمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے بازی اپنے نام کی۔
کھیل کے آغاز میں دونوں ٹیموں نے مایوس کن کھیل کا مظاہرہ کیا اور فاروڈز نے گول کرنے کے متعدد مواقع ضائع بھی کیے تاہم پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں پاکستانی ٹیم نے گیند کو جال کا راستہ دکھا کر اسکور 1-0 کر دیا۔ دوسرے ہاف میں پاکستانی کھلاڑی خطرناک موڈ میں نظر آئے اور انھوں نے حریف ٹیم کو تمام شعبوں میں بے بس کرتے ہوئے35 منٹ کے کھیل میں5گول کر کے میچ کا نتیجہ اپنے نام کیا، پاکستان کی طرف سے امجد علی اور افراز سب سے کامیاب کھلاڑی رہے ، دونوں نے 2، 2 بار گیند کو جال میں پھینک کر قومی ٹیم کی فتح آسان بنا دی۔
خیر اللہ اور علی عزیز ایک ایک گول کرنے میں کامیاب رہے۔ ایک دن کے آرام کے بعد27 ستمبر کو ایشیا کپ کے مزید تین میچز ہوں گے، پاکستانی ٹیم پہلے راؤنڈ کا آخری میچ 27 ستمبر کو ہانگ کانگ کیخلاف کھیلے گی۔ چائینز تائپے کی ٹیم چین کیخلاف ایکشن میں دکھائی دیگی جبکہ بنگلہ دیش کا مقابلہ اومان سے ہوگا، ادھر پاکستانی ٹیم کے منیجر کامران اشرف کھلاڑیوں کی کارکردگی سے خاصے مطمئن ہیں اور امید کرتے ہیں کہ گرین شرٹس عمدہ پرفارمنس کا سلسلہ ایونٹ کے اگلے میچوں میں بھی جاری رکھیں گے۔
میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف کی کاوشوں سے اومان کی ٹیم کے پاکستان آنے سے نہ صرف ملک میں ہاکی کی رونقیں بحال ہوئیں بلکہ ہمارے کھلاڑیوں کو بھی پریکٹس کا بھر پور موقع ملا،ان کا کہنا تھا کہ دو میچوں کے دوران ہم نے مجموعی طور پر بارہ گول کیے جبکہ ہمارے خلاف صرف ایک گول ہوا، اس نتائج سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ہم درست سمت کی جانب گامزن ہیں۔کامران اشرف نے امید ظاہر کی کہ کھلاڑی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ نہ صرف ہانگ کانگ کیخلاف جاری رکھیں گے بلکہ ایونٹ کے فیصلہ کن راؤنڈ میں بھی شاندارکھیل کے ذریعے فتوحات حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment