جمعہ, 29 مارچ 2024


غلط قومی ترانہ چل گیا

ایمزٹی وی(کھیل) روی ڈی جنیرو;اولمپکس میں شرکت کے لیے جتنی مشکلات نائجیریا کی فٹ بال ٹیم نے جھیلی ہیں، شاید ہی کسی اور نے برداشت کی ہوں۔ یہ بالکل آخری لمحے میں ریو پہنچے ہیں، انہیں جاپان کے خلاف اپنے پہلے مقابلے کی تیاری کے لیے صرف چند گھنٹے ملے۔ لیکن اس تمام جدوجہد کے باوجود ان کا خیرمقدم کیسے ہوا؟ ایک غلط قومی ترانے کے ذریعے۔ جب جاپان کے خلاف فٹ بال میچ سے قبل دونوں ملکوں کے قومی ترانے چلائے گئے تو نائیجیریا کے لیے وہ دھن نہیں بجی جو ان کا قومی ترانہ ہے۔ شاید اسی حرکت کا غصہ تھا کہ نائیجیریا نے جاپان کو چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی لیکن ان کے چہرے پر ناگواری کا تاثر اسی وقت نمایاں ہو گیا تھا جب موسیقی بجنا شروع ہوئی۔ جانے انجانے میں ہونے والی اس حرکت پر نائیجیریا کے باشندوں نے سوشل میڈیا پر بھی کافی ہنگامہ کھڑا کیا۔

نائیجیریا کی فٹ بال ٹیم جاپان کے خلاف افتتاحی مقابلے سے صرف 7 گھنٹے قبل ریو پہنچی، اور اتنے طویل سفر کے بعد انہیں تھکاوٹ اتارنے کا بھی ٹھیک سے موقع نہیں ملا۔ لیکن کامیابی کے ذریعے انہوں نے تین قیمتی پوائنٹس ضرور حاصل کرلیے۔ اب وہ باقاعدہ آرام کرکے جب اتوار کو سوئیڈن کے خلاف کھیلیں گے تو وہاں کامیابی انہیں کوارٹر فائنل تک پہنچا سکتی ہے۔ ویسے اتوار تک وہ ریو اولمپکس کی انتظامیہ کو بھی بتا پائیں گے کہ نائیجیریا کا درست ترانہ کون سا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment