جمعہ, 19 اپریل 2024


’آل راؤنڈر‘‘ باسط علی کو نیا کردار مل گیا

ایمزٹی وی(کھیل) نیوزی لینڈ اور ایشیا کپ کیلیے 15رکنی ویمنز اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا، پی سی بی کے ’’آل راؤنڈر‘‘ باسط علی کو نیا کردار دیتے ہوئے کوچ مقرر کردیاگیا، ثنا میر ون ڈے اور بسمہٰ معروف ٹوئنٹی 20ٹیم کی کپتان برقرار رہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ویمنز ٹیم 9نومبرکو شروع ہونے والے دورئہ نیوزی لینڈ میں 5ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی، بعد ازاں تھائی لینڈ میں ایشیا کپ کے مقابلوں کا آغاز 27 تاریخ کو ہوگا، پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے گذشتہ روز دونوں ٹورز کیلیے15رکنی اسکواڈ کی منظوری دیدی۔

ثنا میر کو ون ڈے اور بسمہٰ معروف کو ٹوئنٹی 20ٹیم کی کپتان برقرار رکھا گیا، دیگر پلیئرز میں جویریہ ودود، اسماویہ اقبال، ندا راشد ڈار،سعدیہ یوسف،انعم امین،ماہم طارق، سیدہ نین عابدی، ناہیدہ بی بی، عائشہ ظفر،سدرا نواز(وکٹ کیپر)عالیہ ریاض، ارم جاوید اورڈیانا بیگ شامل ہیں، باسط علی ہیڈ کوچ اور اعظم خان بیٹنگ کنسلٹنٹ ہوں گے، عائشہ اشعر کو منیجر مقرر کیا گیا ہے، رفعت اصغر گل فزیو،ابرار احمد ٹرینر اور محمد ابرار احمد بطور ویڈیو اینالسٹ اسکواڈ کے ہمراہ ہوں گے۔

یاد رہے کہ پی سی بی باسط علی پر زیادہ ہی مہربان ہے، میڈیا میں ان کے بیانات سے ڈر کر انھیں جونیئر چیف سلیکٹر بنایا گیا اور دیگر مواقع پر بھی نوازا جاتا رہا ہے، وہ بورڈ میں’’آل راؤنڈر‘‘ کے طور پر اپنی جگہ بنا چکے ہیں، ایک کے بعد دوسرا کردار ان کیلیے تیار ہوتا ہے، سابق ٹیسٹ کرکٹر جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ، جونیئر اور حالیہ دورئہ انگلینڈ میں اے ٹیم کے کوچ رہنے کے ساتھ کراچی ریجن میں بھی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment