ھفتہ, 20 اپریل 2024


ٹیسٹ میچ سے قبل خوف کی فضا قائم

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس) دوسرے ٹیسٹ سے قبل دہشت گردی کے خطرے سے میلبورن پر خوف کی چادر تن گئی، حکام کی نیندیں اڑ چکی ہیں، سیکیورٹی پلان کا از سر نو جائزہ لیا جانے لگا، ایم سی جی میں اضافی پولیس تعینات کی جائیگی، کرکٹ آسٹریلیا، وکٹوریہ پولیس اور وفاقی سیکیورٹی ایجنسیز کے ہمراہ سیکیورٹی اقدامات یقینی بنانے کیلیے کوشاں ہے۔

چیف ایگزیکٹیو جیمز سدر لینڈ کا کہنا ہے کہ حفاظتی انتظامات کیلیے متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں، کھلاڑیوں، شائقین اور میچ آفیشلز کی حفاظت کو ہر حال میں ممکن بنائینگے، پاکستانی ٹیم کے منیجر وسیم باری نے کہاکہ انتظامات سے مطمئن ہیں، پوری توجہ کرکٹ پر مرکوز ہوگی، سیریز برابر کرنے کیلیے پُرجوش ہیں۔ دوسری جانب گرین کیپس نے گذشتہ روز 3گھنٹے کا طویل ٹریننگ سیشن کیا، میدان میں موجود کرکٹرز روایتی فیملی ڈے پر بچوں کے ساتھ گھل مل گئے، آٹوگراف بھی سائن کیے، پرستاروں نے گروپ فوٹو اور سیلفیز بنوائیں۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی پولیس نے کرسمس کے موقع پر میلبورن میں دہشت گردی کا بڑا حملہ ناکام بناتے ہوئے7 افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا، پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 26دسمبر سے میلبورن میں ہی شروع ہوگا، اس سے قبل شہر میں خوف کے سائے منڈلانے لگے اور حکام کی نیندیں اڑ گئی ہیں،سیکیورٹی پلان کا از سر نو جائزہ لیا جا رہا ہے، پولیس کے چیف کمشنر گراہم ایشٹن نے یقین دلایا کہ میلبورن ٹیسٹ سمیت اہم مواقع پر اضافی پولیس تعینات کی جائیگی، انھوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ سمیت کئی اہم ایونٹس منعقد ہونگے، اسی لیے اضافی نفری تعینات کر رہے ہیں، دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا، وکٹوریہ پولیس اور وفاقی سیکیورٹی ایجنسیز کیساتھ مل کر میلبورن گراؤنڈ میں مناسب سیکیورٹی اقدامات یقینی بنانے کیلیے کوشاں ہے۔

چیف ایگزیکٹیو جیمز سدر لینڈ نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی ٹیم باکسنگ ڈے ٹیسٹ اور دیگر میچز میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیلیے متعلقہ حکام سے رابطے میں ہے، ان ایونٹس کا پُرامن ماحول میں انعقاد ہماری اولین ترجیح ہوگی، کھلاڑیوں، شائقین اور میچ آفیشلز کی سیکیورٹی کو ہر حال میں ممکن بنایا جائے گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ سال کے اختتام پر سیکیورٹی انتظامات موثر بنانے کیلیے میلبورن کرکٹ اسٹیڈیم سے20 تا 25میٹر دور ایک باڑ لگائی گئی تھی تاکہ شائقین کو قطار میں گراؤنڈ میں داخلے سے قبل اچھی طرح چیک کیا جا سکے۔

دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے منیجر وسیم باری نے کہاکہ کرکٹ آسٹریلیا سیکیورٹی کے حوالے سے بہتر انتظامات کررہا ہے اور ہم اس سے مطمئن ہیں، ’’ایکسپریس ٹریبیون‘‘ سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ مہمان کھلاڑیوں کی پوری توجہ صرف کرکٹ پر مرکوز ہے،انھوں نے اگلے میچ میں میزبان کینگروز کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کیلیے بھرپور تیاریاں جاری رکھی ہوئی ہیں،سب نے ایک طویل نیٹ سیشن میں شرکت کی،برسبین ٹیسٹ میں فائٹ بیک کے بعد تمام پلیئرز پُر اعتماد اور پُرجوش ہیں کہ میلبورن میں فتح کے ساتھ سیریز برابر کرینگے، وسیم باری نے کہا کہ محمد عامر نے بھرپور ٹریننگ کی، وہ دوسرے ٹیسٹ کیلیے دستیاب ہونگے، یاسر شاہ سمیت دیگر تمام کھلاڑی بھی فٹ ہیں۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے گذشتہ روز 3گھنٹے کا طویل ٹریننگ سیشن کیا، پہلے روز بیمار ہونے والے سہیل خان بھی شریک ہوئے، وارم اپ کے بعد فیلڈنگ پریکٹس کی گئی، کھلاڑیوں نے گیند فیلڈ کرنے کے بعد اسٹمپس کو نشانہ بنانے اور کیچز تھامنے کی مشقیں کیں، پھر نیٹ میں بیٹنگ اور بولنگ پریکٹس ہوئی، ہیڈ کوچ مکی آرتھر سمیت کوچز مسلسل پلیئرز کو ان کی خامیوں سے آگاہ کرنے کے ساتھ اچھی کوشش پر حوصلہ افزائی بھی کرتے رہے، فیلڈنگ کوچ اسٹیورکسن وکٹ کیپر سرفراز احمد کو الگ سیشن میں ڈائیو لگا کر کیچ لینے کی ٹریننگ کراتے رہے، میدان میں موجود کرکٹرز کھلاڑی روایتی فیملی ڈے پر بچوں کے ساتھ گھل مل گئے، دونوں ٹیموں نے آٹوگراف بھی سائن کیے، پرستاروں نے گروپ فوٹو اور سیلفیز بھی بنوائیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment