بدھ, 17 اپریل 2024


سربیا کے اسٹار پلیئر کو شکست کا سامنا

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس)آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں جمعرات کا دن عالمی نمبر دو نوواک جوکووچ کے لئے تاریک ثابت ہوا، سربیا کے اسٹار پلیئر کو گرینڈ سلم چیمپئن شپ کے دوسرے رائونڈ میں وائلڈ کارڈ انٹری حاصل کرنے والے ازبکستان کے ڈینس ایسٹومن کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑاتاہم رافیل نڈال اور سرینا ولیمز کو سفر جاری رکھنے میں کوئی دقت نہیں ہوئی۔ جمعرات کو عالمی نمبر 117 پلیئر ایسٹومن نے جوکووچ کو 5 گھنٹے تک جاری رہنے والے سخت ترین مقابلے کے بعد زیر کرلیا۔ جوکووچ کو کیریئر میں دوسری مرتبہ بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ایسٹومن نے دفاعی چیمپئن کو 7-6، (10-8)، 5-7، 2-6، 7-6، (7-5) اور 6-4 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ دریں اثنا مینز سنگلز کے دیگر میچز میں ہسپانوی اسٹار اور سابق عالمی نمبر ایک نڈال نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مارکس بغداتس کو 6-3، 6-1 اور 6-3 سے ہرا کر تیسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔ ہسپانوی رابرٹو باٹیسٹا نے جاپان کے یوشیہیٹو نیشوکا، فرانس کے جائلز سمنز نے روجیریو بوٹرا سیلوا ، فرانس کے رچرڈ گیسکٹ نے ارجنٹائن کے کارلوس برلوک اور جرمنی کے فلپ کولیشرائبر نے امریکا کے ڈونلڈ ینگ کو ہرا کر ایونٹ کے تیسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ دوسری جانب ویمنز سنگلز ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ میچ میں سرینا ولیمز نے روس کی لوسی سفارووا کو 6-3 اور 6-4 سے زیر کر کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔ان کے علاوہ جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا نے روس کی اینا بلینکووا، سلواکیہ کی ڈومینیکا سبلکووا نے تائپے کی سو وائی ہیش، ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی نے کروشیا کی ڈونا ویکک اور برطانیہ کی جوہانا کونٹا نے جاپان کی نومی اوساکا کو مات دے کر تیسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment