جمعرات, 18 اپریل 2024


نامور کار ریسر روڈ ایکسیڈنٹ میں ہلاک

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) بھارتی کار ریسر ایشوین سندر اور ان کی اہلیہ ایک روڈ ایکسیڈنٹ میں ہلاک ہو گئے۔ یہ حادثہ چنائی کے سینٹ ہوم ہائی روڈ پر پیش آیا جب ان کی بی ایم ڈبلیو کار بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے لگے درخت کیساتھ جا ٹکرائی اور اس میں آگ لگ گئی۔
پولیس کے مطابق کار درخت کیساتھ ٹکرانے کے بعد دیوار اور درخت کے درمیان پھنس گئی جس کے باعث سندر اور ان کی اہلیہ حادثے کے بعد کار میں پھنس گئے اور دروازے کھول کر باہر نکلنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ حادثے کے فوراً ہی بعد کار نے آگ پکڑ لی اور دونوں ہلاک ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت کار سندر چلا رہا تھا۔
حادثے کی جگہ سے گزرنے والے ایک شخص نے گاڑی کو آگ لگی دیکھی تو چنائی سٹی پولیس کنٹرول روم کو حادثے کی اطلاع دی جس کے بعد ایڈیار ٹریفک انویسٹی گیشن ونگ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں بھی مائلاپور سے آ گئیں جنہوں نے 30 منٹ کی محنت کے بعد آگ پر قابو پایا۔
اڈیار ٹریفک انویسٹی گیشن ونگ پولیس کی انسپکٹر ونیتھا اور ان کی ٹیم نے کار کے مختلف حصے کاٹ کر دونوں میاں بیوی کی لاشوں کو باہر نکالا اور پوسٹ مارٹم کیلئے رویاپیتا ہسپتال بھیج دیا۔
 
ابتدائی طور پر پولیس کو معلوم نہ ہو سکا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے کون ہیں؟ بعد ازاں انہیں کار کی شناخت کی مدد سے پہچان لیا گیا اور رجسٹریشن نمبر کی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ہلاک ہونے والا جوڑا پورور کے قریب الاپکام میں رہتا ہے۔ دونوں میاں بیوی راجہ انامالائی پورم میں واقعہ ایم آر سی نگر میں اپنے دوستوں کے گھر گئے تھے اور جب واپس آ رہے تھے تو حادثہ پیش آ گیا۔
 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment