جمعہ, 19 اپریل 2024


آئی سی سی نے ایک اور بھارتی کرکٹرپر پابندی عائد کردی

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بھارتی اسپنر رویندر جدیجا پر ایک میچ کی پابندی اور میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کردیا۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 2 سال کے عرصے میں بھارتی اسپنر رویندر جدیجا دوسری بار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے جس کی وجہ سے ان پر ایک میچ کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ رویندر جدیجا جب سری لنکا کے خلاف کولمبو ٹیسٹ کھیلنے میدان میں اترے تھے تو ان کے خلاف 3 ڈی میرٹ پوائنٹس موجود تھے جو ان پر اکتوبر 2016 میں اندور میں میچ کے دوران پچ پر بھاگنے کی وجہ سے عائد کیے گئے تھے۔
کولمبو ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 58 ویں اوور میں رویندر جدیجا نے اپنی ہی گیند پر فیلڈنگ کرتے ہوئے جان بوجھ کر بیٹسمین کی جانب خطرناک طریقے سے گیند پھینکی تھی جس کی شکایت فیلڈ امپائرز روڈ ٹکر اور بروس آکسنفورڈ نے میچ ریفری کو کی تھی۔ آئی سی سی کے مطابق یہ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.2.8 کی خلاف ورزی ہے۔ اس حرکت پر آئی سی سی نے رویندر جدیجا پر مزید 3 ڈی میرٹ پوائنٹس جرمانہ کیا اور انہیں ایک میچ کے لیے معطل کردیا جس کے بعد وہ سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
رویندر جدیجا نے میچ ریفری رچی رچرڈسن کے روبرو اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے سزا کو بھی تسلیم کرلیا ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment