بدھ, 24 اپریل 2024


کراچی میں پی ایس ایل کا میدان سجے گا

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ کراچی میں پہلے پی ایس ایل کے میچز کرائیں گے جس کے بعد مرحلہ وارانٹرنیشنل ٹیموں کو بھی وہاں کھلائیں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سے اس سلسلہ میں ملاقات ہوئی ہے جو انتہائی مثبت رہی، انہوں نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ آئی سی سی کے سربراہ چار دن بعد پاکستان آ رہے ہیں، سندھ حکومت کی ٹیم انہیں اپنے پلان سے آگاہ کرے گی، رینجرز اور پولیس نے سکیورٹی سے متعلق بریفنگ تیار کر لی ہے، خواہش تھی کہ انٹرنیشنل کرکٹ پہلے کراچی میں آتی تاہم کچھ مشکلات کی وجہ سے لاہور میں میچز کروائے گئے، کراچی میں پی ایس ایل کے دو سے چار میچز کروانے کا پروگرام ہے، جس کے بعد انٹرنیشنل ٹیمیں بھی کراچی میں کھیلیں گی۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم پاکستان آ رہی ہے، ویسٹ انڈیز کا پاکستان آنا بھی طے ہے جب کہ بھارت کو معاہدے کے مطابق پاکستان کے ساتھ میچزکھیلنا ہی ہوں گے اور اگربھارت نہیں کھیلے گا تو اس کے پوائنٹس کٹ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں نیشنل اسٹیڈیم کا برا حال ہے، اس کی بحالی کیلیے ڈیڑھ ارب روپے مختص کیے ہیں، اسٹیڈیم کا کام مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔ فواد عالم کو منتخب نہ کرنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ کمیٹی فواد عالم کو کیوں سلیکٹ نہیں کرتی اس کا سوال مجھ سے کیوں کیا جاتا ہے، فواد عالم کی سفارش نہیں کروں گا، سوال پوچھ سکتا ہوں لیکن زبردستی نہیں کروں گا، میں سلیکشن کمیٹی کے کام میں مداخلت نہیں کرتا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment