جمعہ, 19 اپریل 2024


ڈبل سنچری کے باوجود روہت شرما، بابر اعظم سے پےچھے

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) ڈبل سنچری جڑنے کے باوجود روہت شرما، بابر اعظم سے ایک قدم پیچھے رہ گئے جب کہ ون ڈے بیٹسمین رینکنگ میں 2درجے ترقی نے بھارتی اوپنر کو پانچویں نمبر پر پہنچا دیا۔
سری لنکا کیخلاف دوسرے ون ڈے میں بھارتی اوپنر روہت شرما نے ناقابل شکست 208 رنز بنائے،اس وجہ سے انھیں بیٹسمین رینکنگ میں 2درجہ ترقی ملی جس کی بدولت انھوں نے اب پانچویں پوزیشن سنبھال لی ہے، پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم ان سے ایک قدم آگے چوتھے نمبر پر براجمان ہیں۔
اس چارٹ میں ٹاپ پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی، دوسرے نمبر پر ابراہم ڈی ویلیئرز اور تیسری پوزیشن پر ڈیوڈ وارنر موجود ہیں جب کہ سری لنکا سے تیسرے میچ میں سنچری جڑنے والے شیکھر دھون کو ایک درجہ ترقی نے 14 ویں درجے پر پہنچا دیا۔
بولرز میں پاکستان کے اُبھرتے ہوئے اسٹار حسن علی پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، ان کے پیچھے جنوبی افریقہ کے عمران طاہر اور پھر بھارتی جسپریت بمرا موجود ہیں۔ سری لنکا کے سورنگا لکمل ایک ساتھ 14 درجے کی چھلانگ لگا کر 22 ویں نمبر پر پہنچ گئے،کلدیپ یادیو بھی 16 درجے بہتری پاکر 56 ویں درجے پرآ چکے ہیں جب کہ غیرقانونی ایکشن کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ پر پابندی کاشکار ہونے والے محمد حفیظ بدستور نمبر ون آل راؤنڈر ہیں، دوسرا نمبر شکیب الحسن کے پاس ہے۔
ادھر بدھ کو نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز شروع ہورہی ہے، کیویز اس وقت پانچویں جبکہ کیریبیئن سائیڈ نویں نمبر پر موجود ہے، ان میں سے کوئی کلین سوئپ کرلے تو بھی رینکنگ پوزیشن میں کوئی فرق نہیں آئے گا،اگر کیویز تینوں میچز جیتے تو صرف ایک پوائنٹ ملے گا اور ایک ہی پوائنٹ کی کٹوتی کا ویسٹ انڈیز کو سامنا کرنا پڑے گا، البتہ اگر کیریبیئن ٹیم کلین سوئپ کرے تو پھر کیویز کے پانچ پوائنٹس منہا اور فاتح سائیڈ کو 6 پوائنٹس ملیں گے۔
پاکستان چھٹے نمبر پر ہی موجود اور ٹاپ پوزیشن جنوبی افریقہ کے پاس ہے، سری لنکا کے خلاف سیریز 2-1 سے جیتنے کے باوجود دوسرے نمبر پر موجود بھارت کا ایک پوائنٹ کاٹ لیا گیا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment