بدھ, 24 اپریل 2024


بھارت نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز سےراہ فراراختیارکرلی

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاک بھارت کرکٹ سیریز کا امکان مسترد کردیا۔بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بار پھر پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز سے راہ فرار اختیار کرلی اور سرحدی کشیدگی کا بہانہ بناتے ہوئے کرکٹ سیریز کے انعقاد کے امکان کو مسترد کردیا۔ سشما سوراج نے کہا کہ کسی نیوٹرل وینیو پر بھی دونوں ممالک میں سیریز نہیں ہوسکتی۔
سشما سوراج نے الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق پاکستان پر سرحدی اشتعال انگیزی کا الزام عائد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی کشیدگی کی وجہ سے دونوں ممالک میں کرکٹ ڈپلومیسی کے لیے حالات سازگار نہیں۔ سشما سوراج کی زیر صدارت مشاورتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ اس میٹنگ میں بھارتی سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر نے بھی شرکت کی۔
دونوں ممالک میں کشیدگی کم کرنے کے لیے کرکٹ سیریز کے انعقاد سے متعلق وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ انسانیت کے ناطے خواتین اور معمر قیدیوں کی رہائی تو زیر غور ہے لیکن سرحد پر شدید فائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے کرکٹ سیریز کا انعقاد ممکن نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سارا سال بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کی جاتی رہی۔ بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے پاکستان میں متعدد معصوم شہری اور فوجی شہید ہوئے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment