Print this page

زیرو سے ہیرو بننے والےحسن علی کی اونچی اڑان

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)حسن علی نے زیرو سے ہیرو بننے کا سفر برق رفتاری سے طے کیا جب کہ 2017 کے دوران ون ڈے بولرز رینکنگ میں 75 ویں پوزیشن سے اڑتے ہوئے ٹاپ پر پہنچے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے گذشتہ برس رینکنگ میں تیزی سے ترقی پانے والے کھلاڑیوں کی تفصیل جاری کی گئی، اس میں پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی نمایاں ہیں، انھوں نے ایک روزہ کرکٹ میں زیرو سے ہیرو بننے کا سفر برق رفتاری سے طے کیا جس کے نمایاں اثرات رینکنگ میں بھی دیکھنے کو ملے، 2017 میں حسن نے 45 ون ڈے وکٹیں حاصل کیں، جب سال کا آغاز ہوا تو اس وقت رینکنگ میں ان کا نمبر 75 تھا مگراختتام ٹاپ پوزیشن کے ساتھ کیا۔
50 اوورز کی بولرز رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمرا نے سال بھر میں 48 درجے ترقی پاکر تیسری پوزیشن سنبھالی،افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان کو 38 درجے کی مرحلہ وار بہتری نے آٹھویں نمبر پر لاکھڑا کیا۔
آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے دوسرے سال کا اختتام بھی ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پر کیا، اس وقت ان کے ریٹنگ پوائنٹس 947 جبکہ ویرات کوہلی پورے 54 پوائنٹس کے فرق سے دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ بھارتی کپتان کو بہرحال ون ڈے بیٹسمین رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل ہے تاہم جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ویلیئرز صرف 4 پوائنٹس کی کمی سے دوسرے نمبر پر ہیں۔
گزشتہ برس ٹیسٹ میں ٹاپ پر اسمتھ کا قبضہ رہا تاہم ون ڈے میں ٹاپ پوزیشن پر اکھاڑ پچھاڑ ہوتی رہی، مجموعی طور پر 12 تبدیلیاں ہوئیں، اس دوران کوہلی، ڈی ویلیئرز اور ڈیوڈ وارنر باریاں لیتے رہے۔ کوہلی نے ٹاپ پوزیشن پر سب سے زیادہ 190 دن گزارے، 2017 کا زیادہ تر عرصہ کوہلی ٹوئنٹی 20 میں ٹاپ پر رہے لیکن شادی کی وجہ سے سری لنکا سے سال کے آخر میں تین میچز نہ کھیلنے کی وجہ سے انھیں ایرون فنچ کے ہاتھوں اپنی پوزیشن گنوانا پڑی۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں