ھفتہ, 20 اپریل 2024


بھارت کی ایسی دھمکی کہ پاکستان خاموش ہوگیا

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)ایشیا کپ کے حوالے سے بھارتی دھمکیوں پر پی سی بی نے چپ سادھ لی۔
بھارت کی جانب سے رواں سال ہونے والے ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو دیے جانے پر اعتراض سامنے آیا تو چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ ہم گرین شرٹس کو ستمبر میں بھارت میں شیڈول ایشیا کپ میں شرکت کیلیے نہ بھجوانے کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔
گزشتہ دنوں اس حوالے سے بات کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے قائم مقام سیکریٹری امتیابھ چوہدری نے کہاکہ ایشیا کپ فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ ہے،اس میں کوئی بھی ٹیمیں شریک ہوں میزبانی بھارت کو دی گئی ہے،اب یہ پاکستان پر منحصر ہے کہ وہ ایونٹ میں شامل ہونا چاہتا ہے یا نہیں۔
امیتابھ چوہدری کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کیلیے گرین شرٹس کو آنا پڑا تھا،ایشیا کپ کی میزبانی کیلیے بی سی سی آئی حکومتی اجازت کا انتظار کررہا ہے،شرکت کرنے والی تمام ملکوں کی ٹیموں کیلیے ویزوں کی کلیئرنس بھی درکار ہوگی،ایونٹ کا انعقاد ہونے کی صورت میں بھارت میں کھیلنے یا دستبردار ہونے کا فیصلہ بہرحال پاکستان کو ہی کرنا ہوگا۔
بھارتی بورڈ نے ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پی سی بی کو کسی خاطر میں نہ لانے کا بیان داغ دیا،دوسری جانب پاکستانی بورڈکی جانب سے اس حوالے سے کوئی جواب دینے کی ضرورت ہی محسوس نہیں کی گئی جب کہ باہمی سیریز نہ کھیلنے پر ہرجانہ وصولی کیلیے قانونی چارہ جوئی کرنے والے بورڈ کی طرف سے کوئی موقف سامنے نہیں آ سکا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام فوری طور پر کوئی رد عمل دینے کے بجائے آئی سی سی تنازعات کمیٹی میں کیس کے فیصلے اورحالات دیکھ کر لائحہ عمل تیار کرنے کے حق میں ہیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment