Print this page

عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ، پاک بھارت کا دنگل آج سجے گا

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) پانچویں عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کے نئے چیمپئن کا فیصلہ آج ہوگا تاہم روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔دنیائے بلائنڈ کرکٹ کا سب سے بڑا آج کو شارجہ میں سجے گا، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ورلڈ کپ ایونٹس میں اب تک 7 مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں جن میں سے پاکستان نے 4 اور بھارت نے 3 مقابلوں میں کامیابی حاصل کی۔ موجودہ عالمی کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیم صرف ایک بار مد مقابل ہوئیں جس میں بلیو شرٹس نے گرین شرٹس کو 7وکٹوں سے شکست دی۔ پانچویں بلائنڈ ورلڈ کپ کا فائنل لاہور میں شیڈول تھا لیکن بھارتی ٹیم کو اپنی حکومت سے کلیئرنس نہ ملنے پر شارجہ منتقل کر دیا گیا۔
ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی ٹیم نے 6 میچوں میں حصہ لے کر 5 میں کامیابی حاصل کی، گرین شرٹس نے میگا ایونٹ کے ابتدائی میچ میں بنگلہ دیش کو9 وکٹوں سے زیر کرنے کے بعد نیپال کو بھی اتنی ہی وکٹوں سے شکست دی۔آسٹریلیا کے خلاف 394 جبکہ سری لنکا کے خلاف 159 رنز کے بڑے مارجن سے فتح سمیٹی، سیمی فائنل میں آئی لینڈرز کو ایک بار پھر 156 رنز سے ہرا کر فائنل کے لیے جگہ پکی کی۔
اسی طرح بھارتی ٹیم نے بھی 6 میچوں میں حصہ لیا اور 5 میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک مقابلہ ڈرا رہا۔ بھارت کو ورلڈ کپ کے ابتدائی میچ میں آسٹریلیا کا چیلنج درپیش تھا تاہم بارش ہونے کی وجہ سے یہ مقابلہ نہ ہوسکا۔ دوسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو7 وکٹوں سے شکست دینے کے بعد تیسرے مقابلے میں بنگلادیش کو بھی10 وکٹوں سے زیر کیا۔ چوتھے میچ میں بلیو شرٹس نے نیپال کو 8وکٹوں سے جبکہ پانچویں مقابلے میں سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔
سیمی فائنل میں بھارت نے بنگلادیش کے خلاف 7 وکٹوں سے فتح سمیٹ کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ ادھر دونوں ٹیموں کے کپتان نے اپنی ٹیم کی کامیابی کے لیے دعوے کیے ہیں۔
پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان نثار علی نے کہا ہے کہ عالمی کپ کا ٹائٹل جیتنے کیلیے پُرامید ہیں، ہمارے تمام کھلاڑی بھر پور فارم میں ہیں اور روایتی حریف کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف لیگ میچ میں قومی ٹیم کے اہم کھلاڑی شامل نہیں تھے جس کی وجہ سے ہمیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم اب ہماری ٹیم کے اہم کھلاڑی یو اے ای میں موجود ہیں، بھارت کو زیر کرکے عالمی چیمپئن بننے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔
بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اجے کمار ریڈی نے کہاکہ ورلڈ کپ کے فائنل کے دفاع کیلیے تیار ہیں، ہماری ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے وہ کسی بھی مشکل ٹائم میں بھی ٹیم کی جیت میں اہم کر دار ادا کرسکتے ہیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں