جمعہ, 19 اپریل 2024


انڈر 19ورلڈ کپ، افغانستان نے نئی تاریخ رقم کردی

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)افغانستان نے بیٹنگ اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ناقابل یقین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان نیوزی لینڈ کو 202 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
جمعرات کو کھیلے گئے میگا ایونٹ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں افغانستان انڈر 19 ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔
رحمان اللہ اور ابراہیم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 117 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، رحمان اللہ 69 اور ابراہیم 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد عظمت اللہ اور باہر شاہ نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کی، عظمت اللہ نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23 گیندوں پر 7 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 66 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جبکہ باہر شاہ 67 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
جواب میں ٹائٹل فیورٹ ٹیموں میں سے ایک نیوزی لینڈ انڈر 19 ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 28.1 اوورز میں 107 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کلارک 38 اور فلپس 31 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ چھ کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔
افغانستان کی جانب سے قیاس احمد اور مجیب نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4، 4 وکٹیں لیں۔جارحانہ بیٹنگ کرنے پر عظمت اللہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment