بدھ, 24 اپریل 2024


پاکستان اسپورٹس بورڈ کے نئے ڈائریکٹرکےلئےتین ناموں پر مشتمل سمری ارسال

ایمزٹی وی (اسپورٹس) پاکستان اسپورٹس بورڈ کے نئے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کیلیے وزارت بین الصوبائی رابطہ نے سمری وزیر اعظم آفس ارسال کردی۔
اسپورٹس بورڈ کے موجودہ ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گنجیرا 28 فروری کو اپنی مدت پوری ہونے پر ریٹائر ہو رہے ہیں، وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے وزیر اعظم آفس کو تین ناموں پر مشتمل سمری ارسال کی گئی ہے جن میں پی ایس بی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایڈمن منصور احمد کا نام سر فہرست ہے جب کہ دیگر ناموں میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کے سینئر انسٹرکٹر اور ڈپٹی ڈی جی سید حبیب شاہ اور سندھ حکومت سے واپس اسپورٹس بورڈ میں ایڈجسٹ ہونیوالے علی حسن بروہی شامل ہیں، علی حسن بروہی مسلسل چھٹیوں پر ہیں۔
دوسری جانب پاکستان اسپورٹس کے 2 افسران محمد شاہد السلام اور ڈاکٹر وقار احمد کی گریڈ 18سے گریڈ19میں غیر قانونی ترقی کے حوالے سے وزارت بین الصوبائی رابطہ کی محکمانہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پاکستان اسپورٹس بورڈ حکام نے غائب کروا دی ہے، شاہد السلام کی اگلے گریڈ میں ترقی کیخلاف پاکستان اسپورٹس بورڈ ایمپائرز یونین بھی عدالت میں کیس کر چکی ہے جبکہ فیڈرل ٹریبیونل میں بھی ان کی ترقی کیخلاف کیس دائر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ انتظامی عہدہ ہوتا ہے اور ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ اختر نواز گنجیرا کی ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل کا عہدہ بھی خالی ہو جائے گا اور وفاقی حکومت نے ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد دو ڈائریکٹر جنرل کے عہدوں پر تعیناتی کرنی ہوگی۔
علاوہ ازیں گزشتہ دنوں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن کی زیرصدارت ہونیوالے اجلاس میں انڈونیشیا میں کھیلے جانیوالے ایشین گیمز میں میڈلز کے حصول کیلیے فیصلہ کیا گیا کہ گیمز میں حصہ لینے والے کھیلوں کے تربیتی کیمپس فوری طور پر لگائے جائیں اور پاکستان اسپورٹس بورڈ تربیتی کیمپس لگانے کیلیے اقدامات کرے۔
 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment