Print this page

اسلام آباد یونائیٹڈ کو زلمی کے ہاتھوں شکست

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 34 رنز سے شکست دے دی۔
دبئی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 176 رنز بنائے جس کے جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 142 رنز تک ہی محدود رہی۔ لک رونکی اور چڈوک والٹن نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں بالترتیب 3 اور 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ آصف علی بھی صرف 7 رنز ہی بناسکے اور حسین طلعت کی اننگز بھی 2 رنز تک محدود رہی۔
بعد میں آنے والے کھلاڑیوں میں بھی کسی نے خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھائی، شاداب خان 2 اور اندرے رسل 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ سمت پٹیل کی اننگز بھی 23 رنز تک محدود رہی۔ فہیم اشرف آخری اوور تک وکٹ پر ڈٹے رہے، اس دوران انہوں نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور وہ 54 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے عمید آصف نے 4 ابتشام شیخ نے 3 جب کہ کرس جورڈن اور وہاب ریاض نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کامران اکمل اور تمیم اقبال نے ٹیم کو 69 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم کامران اکمل 32 گیندوں پر 53 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ تمیم نے ڈیرن اسمتھ کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا مگر 121 کے مجموعی اسکور پر تمیم 39 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد دیگر کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رکے، اسمتھ بھی 30 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ کپتان ڈیرن سیمی بھی صرف 9 رنز ہی بناسکے، حارث سہیل بھی 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم محمد حفیظ 30 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے 2 جب کہ محمد سمیع، رومان رئیس، اندرے رسل، سمت پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی

 

پرنٹ یا ایمیل کریں