اتوار, 23 ستمبر 2018


کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سلطانز کو ڈھیر کردیا

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان سپرلیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 2 وکٹ سے شکست دے دی۔
دبئی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے میچ میں ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے باوجود ملتان سلطانز اچھا ٹوٹل کرنے میں کامیاب رہی اور کپتان شعیب ملک کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 152 رنز بنائے جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مطلوبہ ہدف ایک گیند قبل 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
کوئٹہ کی جانب سے اسد شفیق اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 48 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن دونوں کھلاڑی بالترتیب 20 اور 26 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد عمر گل کا شکار بنے۔
کیون پیٹرسن 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، انہیں شعیب ملک نے آؤٹ کیا۔ جب کہ ریلی روسوو اور رمیز راجہ جونیئر نے چوتھی وکٹ کے لیے 28 رنز کی شراکت قائم کی لیکن دونوں بالترتیب 27 اور 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
آخری لمحات میں انور علی اور محمد نواز نے عمدہ کھیل پیش کیا لیکن وہ دونوں ہی 19ویں اوور میں عمر گل کا شکار بن گئے۔ آخری اوور میں کوئٹہ کو جیت کے لیے 9 رنز درکار تھے جب کہ ملتان کی جانب سے پولارڈ بولنگ کے لیے آئے اور انہوں نے 4 گیندوں تک بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا البتہ پانچویں گیند پر حسن خان نے شاندار چھکا لگاکر ٹیم کو فتح دلوائی۔
جنید خان کی جگہ آج کا میچ کھیلنے والے عمرگل بھرپور فارم میں دکھائی دیے اور انہوں نے میچ میں 6 وکٹیں حاصل کیں لیکن وہ ٹیم کو فتح دلوانے میں ناکام رہے
س سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے احمد شہزاد اور کماراسنگاکارا نے اننگز کا آغاز کیا۔ محمد نواز نے پہلی ہی گیند پر سنگاکارا کو پویلین واپس بھیج دیا۔
دوسرے ہی اوور میں انور علی نے احمد شہزاد کو پانچویں گیند پر ایک رنز پر آؤٹ کرکے مخالف ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کیا لیکن اس کے بعد پچھلے میچ میں دھواں دار اننگز کھیلنے والے صہیب مقصود اور سہیل تنویر نے 38 رنز کی شراکت قائم کی۔
شعیب ملک اور روس وائیٹلی نے اننگز کو مزید آگے بڑھایا لیکن 119 رنز کے مجموعی اسکور پر وائیٹلی 16 رنز بناکر راحت علی کا شکار بنے لیکن ملک نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری لمحات تک وکٹ پر موجود رہے اور ٹیم کو بڑا اسکور دینے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے 43 گیندوں پر 65 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment