Print this page

ڈیرن سیمی کراچی آنے کے لئے تیار

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ پشاور زلمی کی پوری ٹیم کوالیفائی کرنے کی صورت میں پاکستان میں پھر سے رنگ جمانے کے لیے تیار ہے، موجودہ صورتحال میں بھی ٹائٹل کے دفاع کی ہماری امیدیں بدستور قائم ہیں، مایوس کن نتائج پر انجریز کے پیچھے چھپنے کی کوشش نہیں کروں گا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے تیسرے سیزن میں پشاور زلمی کا ابتدائی سفر کچھ اچھا نہیں رہا، ہفتے کی شب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ سے قبل تک اسے اپنے 7 میں سے چار میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس وجہ سے وہ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر تھی جبکہ اس سے نیچے صرف لاہور قلندرزکی ٹیم ہے۔
اس صورتحال میں بھی پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو نہ صرف یقین ہے کہ ٹیم کم بیک کرے گی بلکہ کراچی میں جاکر اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں بھی کامیاب رہے گی۔ پشاور زلمی کو جمعے کے روز اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں 26 رنز سے شکست برداشت کرنا پڑی تھی۔
ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ اگرچہ ایونٹ کے آغاز اور دوران ٹورنامنٹ ہمارے کھلاڑیوں کو فٹنس مسائل کا سامنا کرنا پڑا مگر میں ان کے پیچھے چھپ نہیں رہا اور نہ ہی ہارنے پر کوئی بہانے تراش رہا ہوں۔ انھوں نے واضح کیا کہ پشاور زلمی کے کھلاڑیوں میں نہ صرف ایلیمنیٹرز کھیلنے کی صلاحیت موجود ہے بلکہ ہم فائنل میں بھی رسائی حاصل کرنے اور ٹائٹل پر اپنا قبضہ برقرار رکھنے کے لیے بھی پُراعتماد ہیں۔
سیمی نے واضح کیا کہ اس مقصد کے لیے ان کی ٹیم کو ترتیب دی جانے والی حکمت عملی کو میدان میں عملی جامہ بھی پہنانا ہوگا۔ سیمی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی میں اپنا حصہ ڈالنے پر بھی کافی خوش اور اس بار پشاور زلمی کے فائنل میں جگہ بنانے پر کراچی میں کھیلنے کے لیے بھی تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر ہم فیصلہ کن معرکے تک پہنچے تو پھر تمام کھلاڑی کراچی میں بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں