Print this page

شاہینوں کالی آندھی کے منتظر

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان اور ویسٹ انڈیز میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچز یکم،2اور3اپریل کو کراچی میں کھیلے جائیں گے، نیشنل اسٹیڈیم کو پی ایس ایل فائنل میں قومی اور انٹرنیشنل کرکٹرز کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا۔ اب یہاں9سالہ تعطل کے بعد باقاعدہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ بھی بحال ہوجائے گی۔
کالی آندھی کی عرفیت سے مشہور کیریبیئنز کیخلاف سیریز کی تیاری کیلیے قومی اسکواڈ کا انتخاب کیا جا چکا، منتخب کھلاڑی ہیڈ کوچ مکی آرتھر، معاون اسٹاف اور کپتان سرفراز احمد کی نگرانی میں جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم میں شام6سے رات9بجے تک پریکٹس کریں گی۔ پی ایس ایل میں زبردست فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم میں جگہ بنانے والے قومی کرکٹرز آصف علی، حسین طلعت اور شاہین آفریدی سمیت نوجوان کرکٹرز کیمپ میں صلاحیتوں کو نکھارنے کی کوشش کرینگے۔
سخت گرم موسم میں اعصاب مضبوط رکھتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی میں بہترین ٹیلنٹ کے حوالے سے مشہور کیریبیئنز کو زیر کرنے کی پلاننگ بھی کی جائے گی، گرین شرٹس کی ٹریننگ کا دوسرا سیشن جمعے کی شام4سے 7بجے تک ہوگا، اگلے روز شام ساڑھے5بجے پریس کانفرنس شیڈول ہے، بعد ازاں پریکٹس کیلیے کھلاڑی6سے9بجے تک میدان میں موجود رہیں گے۔
دوسری جانب سیکیورٹی ادارے پی ایس ایل فائنل کاکامیاب انعقاد ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز سے سیریز کیلیے بھی بھرپور پلاننگ کرچکے ہیں،ذرائع کے مطابق 25 مارچ کو ہونے والے اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے میچ کی طرح اس بار بھی فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، پہلے حصار میں پاک فوج کے جوان، دوسرے میں رینجرز ہونگے، پولیس اسٹیڈیم کے باہر اور سڑکوں کی حفاظت پر مامور ہوگی۔
ایئرپورٹ سے ٹیم کے نکلنے پر شاہراہ فیصل کو عام ٹریفک کیلیے بند کردیا جائے گا، ہیلی کاپٹر بھی پرواز کرتے اور روٹ کی فضائی نگرانی کرتے رہیں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ٹیموں کی گزر گاہوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے چیک کیا جائے گا،اسٹیڈیم جانے والے راستوں کو بند کردیا جائیگا، شائقین کی گاڑیوں کی پارکنگ حکیم سعید گراؤنڈ، اتوار بازار، وفاقی اردو یونیورسٹی، چائنہ گراؤنڈ، غریب نواز گراؤنڈ میں کی جائیگی، شائقین کو گراؤنڈ سے اسٹیڈیم شٹل سروس سے پہنچایا جائیگا، ماچس، لائٹر، سگریٹ ، گٹگا اور کھانے پینے کی اشیا اسٹیڈیم میں لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
میچز کے دوران اسٹیڈیم اور اطراف میں ہیلی کاپٹر سے سیکیورٹی کی نگرانی کی جائیگی، شائقین کی پارکنگ میں اور اسٹیڈیم میں داخل ہوتے وقت جامہ تلاشی لی جائے گی جس کے بعد انھیں اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی ، راشد منہاس روڈ ، شارع فیصل ، شارع قائدین اور شارع پاکستان ٹریفک کیلیے کھلی رہیں گی، حکام نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سیکیورٹی عملے کے ساتھ تعاون کریں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں