جمعرات, 25 اپریل 2024


سنچری میکر اسد شفیق میزبان اٹیک کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئے

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)اسد شفیق کے تجربہ کار کندھوں نے پاکستانی بیٹنگ کا بوجھ اٹھا لیا، سنچری میکر اسد شفیق میزبان اٹیک کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئے۔
پاکستان نے دوسرے دن کھیل کا آغاز 6 رنز بغیر کسی نقصان سے کیا، اس وقت وکٹ پرموجود اظہر علی اور ان کے ساتھ بطور اوپنر میدان میں اترنے والے امام الحق دونوں کا انفرادی اسکور 3، 3 رنز تھا، 9 اوورز میں 15 رنز تک ٹوٹل کو پہنچانے کے بعد یہ ابتدائی جوڑی ٹوٹ گئی۔
گاریتھ ویڈ کی گیند اظہر علی کے پیڈ سے لگتے ہی اپیل پر امپائر نے انگلی فضا میں بلند کردی، انھوں نے 9 رنز بنائے، حارث سہیل نے امام کو جوائن کرتے ہی رنز بنانے کی رفتار بڑھائی اور ٹوٹل کو 41 تک لے گئے، مگر سست روی سے بیٹنگ کرنے والے امام ان کا ساتھ نہیں دے سکے اور 11 رنز پر روب کیوگ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، انھوں نے 60 بالز کا سامنا کیا۔
اس سے قبل کینٹ کے خلاف کھیلے گئے پہلے وارم اپ میچ میں امام الحق نے ون ڈاؤن پر بیٹنگ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 61 رنز بنائے تھے۔ اب اسد شفیق نے حارث سہیل کو جوائن کیا اور دونوں نے مل کر میزبان بولرز کی کلاس لینا شروع کی، ان کی عمدہ بیٹنگ سے اسکور بورڈ متحرک رہا اور ٹوٹل 177 تک جا پہنچا، اس موقع پر کیوگ کی گیند پر کروک نے حارث سہیل کا کیچ تھام کر تیسری وکٹ کی شراکت کا 136 پر اختتام کردیا، حارث نے 157 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد سے 79 رنز اسکور کیے۔
اسد شفیق نے اہم پارٹنر کی جدائی کا زیادہ اثر نہیں لیا اور نئے آنے والے بیٹسمین بابر اعظم کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا، دونوں نے چوتھی وکٹ کیلیے 110 رنز کی شراکت بنائی، اس بار بھی پارٹنر شپ کو کیوگ نے ہی توڑا، ان کی گیند پر بابر اعظم وازکونسیلوز کو کیچ دے بیٹھے، انھوں نے 57 رنز بنائے، اس دوران 72 گیندوں میں سے 6 کو باؤنڈری کی سیر کرائی۔
دوسرے اینڈ پر موجود اسد شفیق نے اپنی ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے سنچری مکمل کی مگر نئے آنے والے بیٹسمین کپتان سرفراز احمد ان کا ساتھ نہیں نبھا پائے اور 8 رنز بناکر ہیوٹن کا شکار بن گئے، اگلے اوور میں پہلی ہی گیند پر شاداب خان بھی صرف 3 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، انھیں کروک کی گیند پر نیوٹن نے کیچ کیا۔
فہیم اشرف (10) کو بھی اسی جوڑی نے قابو کیا، جب دوسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو پاکستان کا اسکور 7 وکٹ پر 357 رنز تھا، اسد شفیق 135 اور محمد عامر 12 رنز پر کھیل رہے تھے، گرین کیپس کو 98 رنز کی برتری حاصل ہوچکی ہے ، کیوگ نے 3 اور اسٹیون کروک نے دو وکٹیں لیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل نارتھمپٹن شائر کی ابتدائی روز اننگز 259 رنز پر تمام ہوگئی تھی، شاداب خان نے 6 وکٹیں لیں۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment