Print this page

پی سی بی آئرلینڈ کو مہمان بنانے کا خواب دیکھنے لگا

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)پی سی بی آئرلینڈ کو مہمان بنانے کا خواب دیکھنے لگا تاہم چیئرمین نجم سیٹھی اولین ٹیسٹ کے موقع پر بورڈ حکام کو دورئہ پاکستان کی دعوت دیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی گزشتہ صبح انگلینڈ روانہ ہوگئے، وہ پاکستان اور آئرلینڈ کے مابین 11مئی سے شروع ہونے والا ٹیسٹ میچ دیکھیں گے،آئرش ٹیم اپنی تاریخ کا اولین ٹیسٹ گرین کیپس کیخلاف کھیل رہی ہے، نجم سیٹھی کو آئرلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ مقابلہ دیکھنے کی خصوصی دعوت دی گئی،اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے چیئرمین پی سی بی میزبان بورڈ کے عہدیداروں سے بات چیت میں آئرش ٹیم کو پاکستان بھجوانے کا معاملہ بھی زیر بحث لائیں گے۔
خیال رہے کہ آئرلینڈ نے 2014میں بھی پاکستان آنے کی حامی بھر لی تھی لیکن کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی وجہ سے ارادہ بدل لیا، بالآخر مئی 2015میں زمبابوے کی ٹیم بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوئی۔
امن وامان کی بہتر صورتحال میں پی ایس ایل میچز، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی کے بعد پی سی بی نے آئرلینڈ کو بلاکر انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے مزید پیش رفت کرنے پر نگاہیں مرکوز کرلی ہیں۔
نجم سیٹھی آئی سی سی ٹاسک فورس برائے پاکستان کے سربراہ جائلز کلارک سے ملاقات کرینگے، ثالثی کمیٹی میں بھارت کیخلاف ہرجانہ کیس پر وکلاء سے مشاورت بھی ہو گی، چیئرمین پی سی بی انگلینڈ میں سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے ملاقات بھی کریں گے۔
یاد رہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق سرکاری دورے پر انگلینڈ پہنچ چکے ہیں حالانکہ تینوں ٹیسٹ میچز کیلیے اسکواڈ پہلے ہی منتخب کیا جاچکا ہے،بعد ازاں اسکاٹ لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز ہونا ہے جس میں ابھی کافی وقت باقی ہے،سابق کپتان کے دورے کا مقصد واضح نہیں ہوسکا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں