جمعہ, 19 اپریل 2024


ایشیا کپ 2018، بھارت سرفراز الیون سے خوفزدہ

  پاکستان کے خلاف میچ سے قبل بھارت کو مڈل آرڈر میں عدم استحکام نے پریشان کردیا۔

 بھارت ایشیا کپ میں اپنے سفر کا آغاز منگل کو ہانگ کانگ کے خلاف میچ سے کررہا جبکہ بدھ کو اس کا سامنا پاکستان سے ہوگا، اس اہم معرکے سے قبل بھارتی ٹیم مینجمنٹ خاص طور پر مڈل آرڈر میں عدم استحکام سے کافی پریشان ہے۔

قائم مقام کپتان روہت شرما نے واضح کیا ہے کہ منیش پانڈے، کیدار جادھیو اور امباتی رائیڈو کے درمیان اہم مڈل آرڈر پوزیشن کیلیے مقابلہ ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں اس وقت تیسری، چوتھی اور چھٹی پوزیشن خالی اور ان پر لڑکوں کی نگاہیں ہیں، ہم بھی اس ٹورنامنٹ کے دوران زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں، روہت شرما نے دھونی کے پانچویں نمبر پر بیٹنگ کا بھی عندیہ دیا۔

روہت شرما نے البتہ اس بارے میں کچھ نہیں بتایا کہ وہ دبئی کی سخت گرمی میں بولرز کیلیے روٹیشن پالیسی اختیار کریں گے یا نہیں، ان کا کہنا تھا کہ میں اس بارے میں ابھی نہیں سوچ رہا، ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ مختلف کنڈیشنز میں کھلاڑی کیسا پرفارم کرتے ہیں، جو مستقل مزاجی سے پرفارم کریں گے ہم انھیں زیادہ سے زیادہ کھیلنے کا موقع دیں گے، ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ کھلاڑی کنڈیشنز کے مطابق کیسا ردعمل پیش کرتے ہیں۔

روہت شرما نے اپنی ٹیم میں شامل نئے لیفٹ آرم سیمر خلیل احمد کے بارے میں کہا کہ وہ ایک بہترین اضافہ اور ہائی لیول پر کامیابی میں اہم ہتھیار ثابت ہوسکتے ہیں۔ وکٹ کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اتنی بری دکھائی نہیں دے رہی تاہم میچ آگے بڑھنے کے دوران وہ سلو ہوتی جائے گی۔

ہانگ کانگ سے پہلے میچ کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ہم ہرحریف کو ایک جیسا لیں گے جبکہ ایشیا کپ میں قیادت کے حوالے سے روہت شرما کا کہنا تھا کہ میں کافی پرجوش ہونے کے ساتھ نروس بھی ہوں، یہ میرے لیے ایک بڑا ٹورنامنٹ ہے، میں تمام کھلاڑیوں کو اچھی طرح جانتا اور ایک کپتان کیلیے یہی چیز سب سے اہم ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment