جمعہ, 19 اپریل 2024


خواتین کی کرکٹ کو نظر انداز نہیں کریں گے, احسان مانی

 
 
 
 
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ ترجیحات میں خواتین کی کرکٹ بھی شامل ہے، کبھی بھی خواتین کی کرکٹ کو نظر انداز نہیں کریں گے۔ کوشش ہوگی کہ سری لنکا سے پوری سیریز پاکستان میں ہو۔
 
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد کارکردگی دکھانا تھا۔ میں کراچی میں 8 میچز کروانے پر قائم رہا، پاکستان سپر لیگ کے انعقاد میں پی سی بی کے عملے نے بہت محنت کی۔
 
احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں وہ آپریٹر نہیں جو جدید آلات چلا سکیں، ہم کوشش کریں گے کہ آئندہ پی ایس ایل میں اس پر قابو پاسکیں۔
 
انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے کرائسٹ چرچ واقعے پر ردعمل کو سب نے سراہا، دہشت گردی کی وجہ سے کرکٹ کو نہیں رکنا چاہیئے۔ کرکٹ رکنے سے دہشت گردی کی جیت ہوتی ہے۔ ہم نے اختتامی تقریب کو سادہ رکھا، تقریب میں سے ڈانس نکال دیا گیا تھا۔
 
احسان مانی کا کہنا تھا کہ تقریب سے پہلے فضا میں کبوتر بھی چھوڑے گئے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ نے اپنا اسپرٖٹ آف دی اسپورٹ ایوارڈ آصف کے نام کیا، آصف کی بیٹی کینسر سے جنگ لڑ رہی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل کے تمام میچ پاکستان میں ہوں۔ وزیر اعلیٰ سندھ اور انتظامیہ نے میچز کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان نے دہشت گردی جیسے بڑے چیلنجز کا کامیابی سے سامنا کیا۔ کرکٹرز کا تحفظ ہماری اولین ترجیح تھی، پاک بھارت کشیدگی کے دوران مشینری لانے میں مشکل پیش آئی۔
 
احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کے میدانوں کی بہتری کے لیے بہت کام ہو رہا ہے، سیاست کے باعث سب سے زیادہ نقصان کرکٹ کو ہوتا ہے۔ سیاست اور کرکٹ کو ملانا نہیں چاہیئے۔ ’مجھے امید ہے کہ بھارت میں لوگ معقولیت کی طرف جائیں گے‘۔
 
انہوں نے کہا کہ بھارت پہلے دن سے ہی پی ایس ایل ناکام بنانے کے لیے سرگرم ہے، میری ترجیحات میں خواتین کی کرکٹ بھی شامل ہے۔ کرکٹ کے بزنس پلان میں خواتین کرکٹ اوپر ہے۔ ہم کبھی بھی خواتین کی کرکٹ کو نظر انداز نہیں کریں گے۔
 
چیئرمین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے انعقاد سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا، حیدر آباد میں اسٹیڈیم پر بہت کام کرنا ہے۔ ہمارے ہاں علاقائی اور اسکول کی سطح پر کرکٹ کو فروغ نہیں دیا جاتا۔ علاقائی تنظیمیں کرپشن کا بہت شکار ہیں۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ میران شاہ اور مظفر آباد میں میچ کروانے سے متعلق جائزہ لیں گے، ہمیں پاکستان نہ آنے پر کسی کو دھکی دینے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ ٹیموں کے دورے سے متعلق ماہرین کو مطمئن کرنے کی کوشش کی ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ سری لنکا سے پوری سیریز پاکستان میں ہو۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment