جمعرات, 18 اپریل 2024


پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کے خلاف فیلدنگ کا فیصلہ کرلیا

 لندن: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسرا میچ بھی بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ون ڈے آج کھیلا جارہا ہے۔ پہلا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہونے کے بعد دوسرا میچ بھی بارش سے متاثر ہوسکتا ہے۔ قومی ٹیم میں 1 تبدیلی کی گئی ہے، محمد عامر کی جگہ یاسر شاہ کو شامل کیا گیا ہے۔ کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کو کم اسکور پر روکنے کی کوشش کریں گے۔ دوسرے ون ڈے کی بھرپور تیاری کے لیے شاہینوں نے ٹھنڈے موسم میں خوب لہو گرمایا، قومی ٹیم کی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی الگ الگ مشقیں ہوئیں۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ آنے والے میچز میں ٹیم اچھی کارکردگی دکھائے گی۔ اس سے قبل پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا ون ڈے میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا، بارش کے سبب میچ کو 41 اوور تک محدود کیا گیا تھا تاہم بارش دوبارہ شروع ہوگئی جس کے سبب میچ کو ختم کرنا پڑا۔ پاکستان نے 19 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنائے تھے۔ مذکورہ دورے میں کارڈف میں کھیلے گئے واحد ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی، اب دونوں ٹیموں کے درمیان 5 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کھیلی جارہی ہے۔ اب تک ہونے والے باہمی ون ڈے مقابلوں میں میزبان کا پلڑا بھاری رہا ہے، پاکستانی ٹیم 82 میچز میں 31 فتوحات حاصل کر پائی جبکہ انگلینڈ کو 49 میں فتح نصیب ہوئی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment