جمعرات, 18 اپریل 2024


بابر اعظم نے ایک بار پھر سمرسیٹ کو جتوادیا

ٹاؤنٹن: کاؤنٹی ٹی 20 بلاسٹ میں بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔انھوں نے عمدہ اننگز سے ایک اور فتح سمرسیٹ کی جھولی میں ڈال دی، ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر کا اعزاز بدستور برق رفتار 63 رنز بنانے والے پاکستانی بیٹسمین کے پاس موجود ہے، ادھر محمد حفیظ نے بھی مڈل سیکس کی جانب سے 3 چھکوں سے مزین 48 رنزجڑدیے۔
 
انگلش کاؤنٹی ٹی 20 بلاسٹ میں پاکستان کے اسٹار بیٹسمین بابر اعظم کی جانب سے عمدہ پرفارمنس کا سلسلہ جاری ہے، انھوں نے گذشتہ روز گلیمورگن کے خلاف سمرسیٹ کی 25 رنز سے فتح میں 63 رنز کا حصہ ڈالا، ان کی ٹیم نے 8 وکٹ پر 177 رنز بنائے، جواب میں گلیمورگن کی ٹیم 152 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ بابر کی 42 بالز کی اننگز میں ایک چھکا اور 7 چوکے شامل تھے، ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر کا اعزاز بدستور ان کے پاس ہے۔
 
انھوں نے اب تک 60.11 کی اوسط سے 541 رنز اسکور کیے ہیں، انگلینڈ کے ٹی 20 سیزن میں صرف ایک ٹیم ڈربی شائر ایسی ہے جس نے ایک بھی کامیابی حاصل نہیں کی تھی اوراب تک گلیمورگن بھی فتح کو ترس رہی ہے، اس منفی ریکارڈ کا حصہ بننے سے بچنے کیلیے اسے باقی 2 میچزمیں لازمی کم سے کم ایک فتح حاصل کرنا ہوگی۔ ادھر مڈل سیکس کی نمائندگی کرنے والے محمد حفیظ نے 37 بالز پر 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 48 رنز بناکر ٹیم کا ٹوٹل 5 وکٹ پر 171 تک پہنچایا تاہم حریف سائیڈ سسیکس نے صرف 2 وکٹ پر ہی 4 اوورز قبل ہدف حاصل کرکے مقابلہ 8 وکٹ سے اپنے نام کرلیا، لاؤری ایوانز نے ناٹ آؤٹ 52 اور لیوک رائٹ نے 48 رنز بنائے۔ حفیظ 4 اوورز میں 32 رنز دینے کے باوجودکوئی وکٹ نہیں لے سکے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment