Print this page

بدترین شکست کےبعدتیسرےٹی 20کےلئےٹیم میں تبدیلی کاامکان

کینبرا:  پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی 20 میچ جمعہ کو پرتھ میں کھیلا جائے گا جس کیلئے پاکستانی ٹیم میں کم از کم دو سے 3 تبدیلیاں یقینی ہیں جبکہ آسٹریلیا نے بھی فاسٹ باﺅلر پیٹ کومنز کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کینبرا سے پرتھ پہنچ گئی ہے جہاں کھلاڑی آج آرام کریں گے البتہ کل ٹیم کا بھرپور ٹریننگ سیشن ہو گا۔ ذرائع کے مطابق جمعہ کو ہونے والے سیریز کے آخری ٹی 20 میچ میں گرین شرٹس کم از کم دو سے تین تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

ٹیم میں فخر زمان اور آصف علی کی جگہ امام الحق اور خوشدل شاہ کو فائنل الیون میں شامل کیا جائے گا جبکہ وہاب ریاض اور محمد عرفان میں سے بھی کسی ایک باﺅلر کے ڈراپ کئے جانے اور محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب آسٹریلیا نے بھی فاسٹ باﺅلر پیٹ کومنز کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے اور آسٹریلین ہیڈ کوچ جسٹن لینگر کا کہنا ہے کہ کومنز کیلئے ٹیسٹ سیریز سے پہلے آرام بہت ضروری ہے، ٹیم میں کچھ ردو بدل ہو گا لیکن جیت کا فارمولانہیں بدلے گا، وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنا چاہتے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں