Print this page

پاکستان اوربنگلہ دیش کےمابین ٹی ٹوئنٹی سیریزکیلیےٹکٹوں کی فروخت جاری

لاہور: پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریزکیلیے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے جب کہ شائقین بکنگ کا طریقہ کار پیچیدہ ہونے کا شکوہ کرتے رہے۔
 
پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کا سلسلہ گزشتہ روز نصف گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا، ٹکٹوں کی قیمت 500، ایک ہزار، 2ہزار اور 4 ہزار روپے رکھی گئی ہے، ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 5 ٹکٹ بک کروائے جاسکتے ہیں، 4 سال تک عمر کے بچے والدین کے سsاتھ بغیر ٹکٹ اسٹیڈیم جاسکیں گے۔
 
دوسری جانب میچز کے انعقاد کیلیے قذافی اسٹیڈیم میں جاری تیاریوں میں تیزی آگئی ہے، گزشتہ روز عملہ نے ٹوٹی ہوئی کرسیاں تبدیل کرنے کا سلسلہ جاری رکھا، رنگ و روغن بھی کیا جارہا ہے، میڈیا باکس کی تزیئن وآرائش کا کام بھی ہورہا ہے۔
 
تماشائیوں کو آئی سی سی کے متعارف کردہ کوڈ آف کنڈکٹ سے آگاہی دینے کیلیے اسٹیڈیم کے داخلی راستوں کیساتھ اسٹینڈز کے قریب بھی فلیکس آویزاں کردیے گئے ہیں، ان پر نسلی منافرت اور سیاسی نعرے بازی سے گریز کرنے کی ہدایات درج کرتے ہوئے شائقین کو خبردار رہنے کا کہا گیا ہے، ایمرجنسی کال نمبرز بھی درج ہیں ، اسٹیڈیم میں اطراف میں موجود دکانوں اور ہوٹلوں وغیرہ کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔
 
دوسری جانب سیکیورٹی اداروں نے نشترپارک کے گرد دفاعی حصار قائم کرنے کیلیے اپنی پلاننگ کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے، ٹیموں کی آمد و رفت کے روٹ کو محفوظ بنانے کیلیے متعلقہ حکام سر جوڑکربیٹھ گئے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں