Print this page

نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ بولر کو برطانیہ جانے کے لیے چندہ مانگنا پڑ گیا

 
 
ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ بولر ای این اوبرائن کو اہلیہ اور بچوں کے پاس برطانیہ واپس جانے کے لیے چندہ مانگنا پڑ گیا۔
 
تفصیلات کے مطابق سابق کیوی فاسٹ بولر ای این اوبرائن نے نیوزی لینڈ سے برطانیہ واپس جانے کے لیے چندہ اکٹھا کیا اور مدد کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
 
ای این اوبرائن نیوزی لینڈ میں والدین سے ملاقات کے لیے پہنچے تو کرونا وائرس کی وبا شدت اختیار کرگئی، اوبرائن نے تین فلائٹس میں ٹکٹ بک کرائی مگر تینوں ہی کینسل ہوگئیں اور ان کی رقم پھنس گئی۔
 
برطانیہ واپسی کے لیے رقم جمع کرنے کی خاطر انہوں نے ڈلیوری ڈرائیور اور پھل توڑنے کا کام بھی کیا لیکن اس کے باوجود انہیں لوگوں سے عطیات دینے کی اپیل کرنا پڑی۔
 
 
اوبرائن کو عطیات سے توقع سے زیادہ رقم مل گئی اور وہ 2250 پاؤنڈ کی ٹکٹ خریدنے میں کامیاب ہوگئے لیکن اب بھی انہیں روانگی کے لیے 5 اپریل کا انتظار کرنا پڑے گا۔
 
سابق فاسٹ بولر ویڈیو پیغام میں اپنی روداد کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے، انہوں نے اس مشکل گھڑی میں مدد کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔
 
واضح رہے کہ برطانوی محکمہ صحت کے مطابق برطانیہ میں کرونا وائرس سے ایک ہی دن میں 260 افراد ہلاک ہوگئے، برطانیہ میں کرونا سے آج سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔
 
برطانیہ میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 1019 ہوگئی ہے جبکہ کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 17089 تک جاپہنچی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں