منگل, 15 اکتوبر 2024


جے شاہ کے آئی سی سی چیئرمین بننے سے کوئی پریشانی نہیں،محسن نقوی

لاہور: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نےقذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔

کہا ہے کہ بھارت سمیت تمام ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان آئیں گی۔

سربراہ پی سی بی نےدورے کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سمیت تمام ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آئیں گی، جس میں ہم تمام مہمان ٹیموں کی شان دار میزبانی کریں گے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کےسیکرٹری جے شاہ کے آئی سی سی چیئرمین بننے سے کوئی پریشانی نہیں، ان کے ساتھ رابطہ رہتا ہے، اے سی سی میٹنگز میں بھی ان سے ملاقات رہتی ہے اور آئی سی سی سمیت ہر ممبر ملک کے ساتھ بات چیت ہوتی رہتی ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا اجلاس کل سے کوالالمپور میں ہورہاہے ، میں مصروفیات کی وجہ سے میں اس اجلاس میں شرکت کرنے نہیں جارہا، تاہم اس اہم اجلاس میں ورچوئل شرکت ضرور کروں گا جب کہ پاکستان کی نمائندگی سلمان نصیر کریں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اس اجلاس میں پی سی بی کو ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت کا معاملہ بھی حتمی شکل اختیار کرے گا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے جاری ترقیاتی کاموں کی وجہ سے فی الحال لاہور میں ہوٹل بنانے کا فیصلہ مؤخر کیاہے، جلد بازی کے بجائے ٹرافی کے بعد اس منصوبے پر توجہ دی جائے گی۔ ہم نے لاہور کے ساتھ کراچی میں بھی ہوٹل بنانا ہے، اس کے لیے اشتہار بھی دیا جارہاہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہےکہ انٹرنیشنل کمپنیاں اپنا ڈیزائَن دیں تاکہ ان ہوٹلز کی بہترین اور تمام جدید سہولیات کے مطابق تعمیر یقینی بنائی جاسکے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment