ایمز ٹی وی (تجارت) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کے لیے گوشواروں میں زرعی آمدنی اور اس پر ادا کردہ انکم ٹیکس کی تفصیلات کی فراہمی کو لازمی قراردے دیا ہے، اس ضمن میں ایف بی آر نے ٹیکس ایئر2016 کے لیے نیا انکم ٹیکس ریٹرن فارم جاری کردیا جس کا گزشتہ روز نوٹیفکیشن کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیاکہ ٹیکس ایئر 2016 کے لیے انکم ٹیکس گوشوارے نئے فارم کے مطابق جمع کرانا ہوں گے۔ نئے انکم ٹیکس ریٹرن فارم میں انفرادی ٹیکس دہندگان، ایسوسی ایشن آف پرسنز سمیت دیگر تمام کٹیگریز کے لیے ضمیمے و فارم شامل کیے گئے ہیں جبکہ ویلتھ اسٹیٹمنٹ اور ری کنسلیئشن اسٹیٹمنٹس بھی دی گئی ہیں جس میں انہیں اپنی اور اپنے زیر کفالت لوگوں کی جائیداد اوراخراجات کی تفصیلات فراہم کرنا ہونگی جس میں بجلی، پانی،گیس سمیت دیگر یوٹیلٹیز کی مد میں کیے جانے والے اخراجات، بچوں کی تعلیم کے اخراجات، بیوی اور اپنے ذاتی و گھریلو اخراجات کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔
علاوہ ازیں پراپرٹی کی خریدو فروخت سے حاصل ہونے والے نفع و نقصان، ٹیکس کٹوتیوں کی معلومات بھی دینا ہوں گی، انشورنس پریمیم کے علاوہ ٹیکس گوشواروں میں زرعی آمدنی، اس پر ادا کردہ انکم ٹیکس کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوںگی، اسی طرح زکوٰۃ کٹوتی، ورکرز ویلفیئر فنڈ اور خیرات و عطیات کی معلومات بھی دینا ہوں گی، اسی طرح خیراتی و فلاحی اداروں، این جی اوز کو ٹیکس کریڈٹ کی تفصیلات، حصص و انشورنس پریمیم میںسرمایہ کاری، منظور شدہ پنشن فنڈ، بہبود سرٹیفکیٹس، پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹس پر حاصل کردہ ٹیکس کریڈٹ کی تفصیلات بھی انکم ٹیکس گوشواروں میں فراہم کرنا ہوں گی۔
انکم ٹیکس گوشوارے نئے فارم کے مطابق جمع ہونگے
Leave a comment