اتوار, 24 نومبر 2024


فرانس ٹریول ایڈوائزری کو ختم کرے، فرانسیسی وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت

ایمز ٹی وی (تجارت) وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے فرانس سے درخواست کی ہے کہ وہ پاکستان کے حوالے سے سفری ہدایات کو ختم کرے تاکہ ان فرانسیسی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوسکے جو پاکستان میں کاروبار کے موقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ فرانس کے سرکاری دورے پر موجود وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قریبی معاشی تعلقات دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم نے فرانس سے درخواست کی ہے کہ وہ ٹریول ایڈوائزری کو ختم کریں اور فرانسیسی وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کرلی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی آٹو موبل پالیسی بھی فرانسیسی وزیر کے ساتھ شیئر کی اور پاکستان میں بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال فرانس میں موجود سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھارہی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سنہری موقع ہے کہ وہ اپنے وطن میں سرمایہ کاری کریں اور اس سلسلے میں رہنمائی کے لیے بورڈ آف انوسیٹمنٹ (بی او آئی) سے رابطہ کریں۔ اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ متعدد فرانسیسی کمپنیوں نے پاکستان کے ساتھ نئی شراکت داریاں قائم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان موجود تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

پاک فرانس بزنس کونسل کے صدر تھیری فلملن نے اجلاس اسحٰق ڈار کو بتایا کہ فرانس سے تاجروں کا ایک وفد آئندہ سال پاکستان کا دورہ بھی کرے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انفرااسٹرکچر کی تعمیر، تیل و گیس، فوڈ پروسیسنگ، مائننگ اور ریلوے وہ شعبے ہیں جن میں مستقبل میں فرانسیسی سرمایہ کار تعاون پر غور کررہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے فرانسیسی کمپنیوں کے لیے پاکستان میں سوشل اکنامک زون کے قیام کی بھی پیشکش کی تاکہ وہ مقامی مارکیٹ تک بہتر طریقے سے رسائی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ خطے کے دیگر ملکوں میں بھی اپنی مصنوعات برآمد کرسکیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment