ھفتہ, 23 نومبر 2024


قرضوں میں ٹیکسٹائل سیکٹر کے غیرفعال قرضوں کا حجم سب سے زیادہ


ایمز ٹی وی (تجارت) بینکوں کے مجموعی 634.5 ارب روپے کے غیرفعال قرضوں میں ٹیکسٹائل سیکٹر کے غیرفعال قرضوں کا حجم سب سے زیادہ ہے۔ ٹیکسٹائل سیکٹر نے جون 2016تک بینکوں سے مجموعی طور پر 748.8ارب روپے کے ایڈوانسز حاصل کیے ہیں جن میں سے 197ارب روپے کے قرضوں کی واپسی کا کم ہی امکان رہ گیا ہے۔ بینکاری انڈسٹری کے بارے میں اسٹیٹ بینک کی دوسری سہ ماہی رپورٹ کے مطابق جون 2016تک مجموعی طور پر جاری کیے گئے 5702ارب روپے کے قرضوں میں سے 634.5ارب روپے کے قرضے غیرفعال قرار دیے گئے ہیں۔ ان میں سے 52.77ارب روپے کے قرضوں کو سب اسٹینڈرڈ، 34.84ارب روپے کے قرضوں کی واپسی کو مشکوک جبکہ 516.74ارب روپے کے قرضوں کو خسارہ شمار کیا جاچکا ہے۔ انڈسٹری کے مختلف شعبوں کو جاری کردہ قرضوں میں غیرفعال قرضوں کے لحاظ سے ٹیکسٹائل سیکٹر سرفہرست ہیں۔

جس کے مجموعی ایڈوانسز 748.8ارب روپے میں سے 26.3فیصد کو غیرفعال قرار دیا جاچکا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایگری بزنس کو جاری کردہ 504.2ارب روپے کے ایڈوانسز میں غیرفعال قرضوں کا حجم 58.1ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، آٹو موبائل، ٹرانسپورٹ سیکٹر کو جاری کردہ 81.7ارب روپے کے قرضوں میں سے 12.3ارب روپے کے قرضے غیرفعال ہیں، سیمنٹ سیکٹر کے 62.4ارب روپے کے قرضوں میں سے 7ارب روپے، کیمکلز اینڈ فارما سیوٹیکلز سیکٹر کے 247.3ارب روپے کے قرضوں میں سے 14.7ارب روپے کے قرضوں کی ادائیگی رکی ہوئی ہے۔ الیکٹرانکس مصنوعات سے متعلق صنعت کو جاری کردہ 69.1ارب روپے کے قرضوں میں سے 10.7ارب روپے کے قرضے رکے ہوئے ہیں فنانشل سیکٹر کے 162.4ارب روپے کے قرضوں میں سے 9.4ارب روپے کے قرضے غیرفعال ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment