اتوار, 24 نومبر 2024


پٹرولیم ڈیلرز کو 15روز کی اضافی مہلت مل گئی

 

ایمزٹی وی(بزنس) وفاقی وزارت پٹرولیم وقدرتی وسائل نے ملک میں بہتر معیار کے نئے پٹرول آراواین 92 کی فروخت کیلیے پٹرولیم ڈیلرز کو 15روز کی اضافی مہلت دے دی ہے۔

پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے میڈیا کو بتایا کہ پی ایس او نے ملک میں بہتر معیار کے پٹرول آراواین 92کی فروخت یکم نومبر سے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے جمعہ کے روز عبدالسمیع خان سے ملاقات میں ڈیلرز کی سہولت کیلیے نئے ایندھن کی فروخت کیلیے 15 روز کی اضافی مہلت کی یقین دہانی کرادی ہے۔

عبدالسمیع خان کے مطابق ملک میں بہتر معیار کے ایندھن کی فروخت کے حوالے سے پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی نے ڈیلرز کے ساتھ کوئی مشاورت نہیں کی۔ ڈیلرز کا موقف ہے کہ ملک میں 50 فیصد پٹرول موٹرسائیکلوں میں استعمال کیا جاتا ہے جنہیں نئے فیول کی اضافی قیمت کی وجہ سے اخراجات میں اضافے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ڈیلرز نے حکومت کو یہ تجویز دی ہے کہ بہتر معیار کے نئے ایندھن آراواین 92کے ساتھ پرانے ایندھن آراواین 87کی فروخت بھی جاری رکھی جائے تاکہ موٹرسائیکل سواروں کو بھی معیار کے لحاظ سے دو مصنوعات میسر ہوں اور وہ اپنی قوت خرید کے مطابق ایندھن خرید سکیں۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق ملک میں زیادہ بہتر معیار کا ایندھن آراواین 92 متعارف کرانے کیلیے نئے ایندھن کی درآمد کے سودے طے کرلیے گئے ہیں جن میں سے 55ہزار ٹن کی پہلی کھیپ اکتوبر کے آخری ہفتے میں پاکستان پہنچ جائیگی۔

 
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment