ایمز ٹی وی (تجارت) سندھ حکومت اور سندھ انشورنس لمیٹڈ (SIL) کے مابین یونیورسل ایکسیڈینٹل انشورنس اینڈ سوشل بینیفٹ کے حوالے سےگزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایک معاہدے پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی موجودگی میں دستخط کیے گئے ، اس معاہدے سے سندھ کے 18 سے 65 سال کی عمر کے تمام شہریوں کے لواحقین کو مالی فائدہ پہنچے گا ۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات کر رہی ہے ، بالخصوص حادثات کے نتیجے میں جاں بحق ہوجانے والے افراد جو کہ اپنے خاندانوں کے واحد کفیل ہوتے ہیں کیلئے سندھ انشورنس لمیٹڈ کمپنی سے یونیورسل ایکسیڈینٹل انشورنس اور سوشل بینیفٹ کے سلسلے میں ایک معاہدہ کیا ہے ۔
جس کے تحت حادثات اور دہشتگردی کے متاثرین کو فی کس ایک لاکھ روپے فوری طور پر مالی مدد فراہم کی جاسکے گی ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے امید ظاہر کی کہ مذکورہ اسکیم کے مستقبل میں مزید سماجی فوائد سامنے آئیں گے اور متاثرہ افراد کی بہتر طریقے سے مدد ہوسکے گی۔
معاہدے پرسندھ حکومت کی جانب سے صوبائی سیکریٹری خزانہ سید حسن نقوی جبکہ سندھ انشورنس لمیٹڈ کی جانب سے اس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فیصل صدیقی نے دستخط کیے ۔ اس دستخطی تقریب میں سندھ حکومت کے اعلیٰ حکام اور سندھ انشورنس لمیٹڈ کے سرکردہ افراد بھی موجود تھے ۔