جمعہ, 29 نومبر 2024


تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئےاہم فیصلہ

 

ایمزٹی وی( تجارت) ایس ای سی پی کے چیئرمین ظفر حجازی نے کہا ہے کہ کمپنیز آرڈیننس 2016 کو متعارف کرانے کے بعد کمپنیوں کے اندراج میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ نئے قانون کے نفاذ کے بعد مختلف شعبوں میں 40کمپنیاں رجسٹر ہو چکی ہیں، کمپنیز آرڈیننس2016 کے ذریعے ملک بھر میں تاجروں کو سہولتوں کی فراہمی کے باعث تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

چیئرمیں نے کہاکہ قانون مختلف اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور ملکی کاروباری برادری کی سہولتوں کے لیے تجاویز اور مشوروں کو شامل کرنے کے بعد متعارف کرایاگیا ہے، ایس ای سی پی نے کمپنیوں کی رجسٹریشن کا عمل آسان بنا دیا ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں کمپنیوں کے اندراج میں 12فیصد اضافہ ہوا ہے، کمپنیز آرڈیننس کے نفاذ سے قبل بحث ومباحثہ کیاگیا، ملک کے تمام بڑے شہروں میں 6سیمینار منعقد کیے گئے تاکہ مختلف شیئرہولڈرز اور کاروباری برادری کی آرا حاصل کی جاسکیں۔

انھوں نے کہاکہ قانون کو مزید موثر بنانے کے لیے سفارشات اور تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا، ایس ای سی پی قانون پر نظرثانی کے لیے کمشنر کانفرنس کا انعقاد کرے گی تاکہ اسے زیادہ موثر اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق بنایا جاسکے، اس سے سرکاری اداروں میں انتظامیہ کے تعیناتی میں شفافیت کے ذریعے پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔ انھوں نے مذکورہ قانون میں کمپنیز گلوبل رجسٹر آف بینیفیشل اونر۔سیکشن452سمیت متعارف کرائے گئے متعدد نئے اقدامات کی نشاندہی بھی کی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment