جمعہ, 29 نومبر 2024


سی پیک منصوبہ صنعتکاروں کیلےخوشخبری

 

ایمز ٹی وی( تجارت) وزیر اعظم کے خصوصی معاون و وزیر مملکت وسرما یہ کاری بورڈ کے چیئر مین مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ حکومت کاروبار آسان بنانے اور سرما یہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے ، سی پیک منصوبے کے تحت مقامی صنعتکاروں کو بھی غیر ملکیوں کے برابرمراعات دی جائیں گی ۔

امید ہے توانائی کے منصوبے بروقت مکمل ہوں گے اور 2017کے آخر تک لوڈشیڈنگ سے مکمل نجات مل جائے گی، ان خیالات کا اظہارانہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اپنے خطاب میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے پاکستان کی معیشت کی سمت متعین ہو گی اور یہ ایشیا میں تجارت اور سیاحت کا محور بن جائے گا، سرمایہ کاری بورڈ اور تاجر برادری کے درمیان تعلق و رابطہ مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ، برآمدات میں کمی ہمارے لیے تشویشناک ہے ،تاجر برادری کے تحفظات کا احساس ہے ۔

ہماری کوشش ہے کہ معلومات شفاف رکھی جا ئیں اور تاجر برادری کے ساتھ رابطے تیز کیے جائیں ۔اس سے پہلے صدر چیمبر راجہ عامر اقبال نے اپنے خیر مقدمی خطاب میں وزیر مملکت وسرما یہ کاری بورڈ کے چیئر مین مفتاح اسماعیل کا چیمبر آمد پر شکریہ ادا کیا، صدر چیمبر نے انہیں راولپنڈی چیمبر کی جاری سرگرمیوں اور آئندہ کے پروگراموں کے بارے میں مختصر بریفنگ دی ،راجہ عامر اقبال نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی پاکستان کا چوتھا بڑا شہر ہے ۔

اسے سی پیک منصوبے کے تحت صنعتی زونز کا حصہ بنایا جائے ،خطہ پوٹھوار میں فارماسیوٹیکل ، سیمنٹ ،پولٹری اور ماربل کی صنعت تیزی سے ترقی کر رہی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان مجوزہ صنعتی زونز میں چینی کمپنیوں کے ساتھ جوائنٹ ونچر کیے جائیں اور مقامی کمپنیوں کو بھی وہی مراعات دی جائیں تاکہ مسابقت کی فضا قائم رہے ، انہوں نے کاروبار آسان کرنے کے حوالے سے تجویز دی کہ صوبوں اور وفاق کے درمیان سیلز ٹیکس، سروسز، کسٹم ڈیوٹیوں اور دیگر معاملات میں تنازعات کے حل کے لیے چیمبر ز کو سرمایہ کاری بورڈ میں نمائندگی دی جائے ۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment