ایمز ٹی وی (تجارت) ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ موسم سرما کے دوران مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمت میں 10روپے فی کلو، 100روپے گھریلو اور 400 روپے فی کمرشل سلنڈر کمی کر دی۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے درآمدی ایل پی جی پر ٹیکس چھوٹ دے کر درآمد سہل بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں، عوام کو سستی گیس فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، ملک میں ایل پی جی کا سیلاب آگیا ہے اور ملکی تاریخ میں پہلی بار سردیوں میں نہ صرف قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے بلکہ ایل پی جی وافر مقدار میں موجود ہے اور صارفین کو عام دستیاب ہے، سال 2016 میں ایل پی جی کی درآمد و فروخت کے سب ریکارڈ ٹوٹ گئے، رواں سال ایل پی جی کی درآمد5لاکھ میٹرک ٹن اور فروخت 12 لاکھ ٹن رہی۔
انھوں نے کہاکہ گیس کی وافر درآمد سے ایل پی جی مافیا کی مصنوئی قلت کا روایتی ڈرامہ رچا کر ناجائز منافع خوری کرنا اب ممکن نہیں رہا، غریب صارفین کو سستی گیس میسر کرنے کا کریڈٹ ایل پی جی امپورٹرزکو جاتا ہے جنھوں نے گیس درآمد کر کے سپلائی کو یقینی بنایا۔
مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں کمی کے بعد کراچی میں ایل پی جی 85 روپے فی کلو،970 روپے فی گھریلو سلنڈر، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، جہلم، قصور، ساہیوال، سیالکوٹ، ڈسکہ اور پشاور میں 90 اور 1030روپے، رحیم یار خان، صادق آباد، حیدرآباد، اٹک، گجرات اور میرپور آزاد کشمیر میں 100اور 1150روپے، راولپنڈی، اسلام آباد، ایبٹ آباد، مظفر آباد، باغ، فاٹا، کوٹلی آزادکشمیر، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار، میرپور خاص، عمرکوٹ، نواب شاہ، مٹیاری، ٹھٹھہ، دادو،راجن پور، جام شورواور شکار پورمیں 110 اور 1260 روپے،گلگت بلتستان، مری، نتھیا گلی اوربالاکوٹ میں ایل پی جی کی قیمت 120 روپے کلو اور 1380 روپے فی گھریلو سلنڈر ہوگئی ہے۔