ایمز ٹی وی ( تجارت) پاکستان میں مائیکرو فنانس کا شعبہ 35 تا 40 فیصد سالانہ کی شرح سے ترقی کررہا ہے جبکہ آنے والے سالوں میں شعبہ کی شرح نمو میں مزید اضافہ ہوگا۔فنکا مائیکرو فنانس بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مدثر عاقل نے کہا ہے کہ مائیکرو فنانس کی سہولت سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد 4.5 ملین افراد سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ مائیکرو فنانس کے تحت100 ارب روپے سے زائد کے قرضے جاری کئے گئے ہیں۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ 2020ء تک مائیکرو فنانس کی سہولت سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد 10 ملین سے بڑھ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں مائیکرو فنانس کی سہولت سے استفادہ کرسکنے والے افراد کی تعداد کا اندازہ 27 ملین کے قریب ہے جبکہ شعبہ سے سہولت حاصل کرنے والے ایکٹو باروؤرز کی تعداد 4.5 ملین سے بڑھ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2020ء تک 10 ملین افراد کی ضروریات کی تکمیل کے لئے مزید 200 ارب روپے کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں مائیکرو فنانس کی سہولت فراہم کرنے والے بینکوں کی تعداد 11 ہے جبکہ دیگر 44 ادارے بھی کام کررہے ہیں۔ مدثر عاقل نے کہا کہ2016ء کے دوران فنکا کے ڈیپازٹس میں 83 فیصد جبکہ قرضوں کے اجراء کی شرح میں 92 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جو شعبہ کی کارکردگی کی عکاسی کرتا ہے۔